یوروکپ؛ ہنگری، بیلجئم اور پرتگال کی فٹبال ایسوسی ایشنز پر فرد جرم عائد

Football

Football

پیرس (جیوڈیسک) یورپیئن فٹبال ایسوسی ایشن نے یورو کپ 2016 کے دوران تماشائیوں کی جانب سے ہلڑ بازی کرنے اور میچ میں رخنہ ڈالنے پر ہنگری، بیلجیئم اور پرتگال کی فٹبال ایسوسی ایشنز پر فرد جرم عائد کردی ہے۔

فرانس میں جاری یورو کپ 2016 میں شریک ممالک کے شائقین کی جانب سے میچ خراب کرنے کے الزام میں یورپین فٹبال ایسوسی ایشن نے ایسے ممالک کی فٹبال ایسوسی ایشنز پر فرد جرم عائد کردی جن ممالک کے شائقین پر ہنگامہ آرائی کے الزامات لگائے گئے ہیں ان میں ہنگری، بیلجیئم اور پرتگال شامل ہیں جب کہ اس سے قبل روس کی فٹبال یونین پر ڈیڑھ لاکھ یورو کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

یورپین فٹبال ایسوسی ایشن کی جانب سے ہنگری فیڈریشن پر اس کے حامیوں کی جانب سے آتش بازی کرنے اور آئس لینڈ کے ساتھ ڈرا ہونے والے میچ کے دوران گراؤنڈ میں مختلف چیزیں پھینکنے کے الزامات لگائے گئے ہیں جب کہ پرتگال کے شائقین پر آسٹریا کیخلاف ڈرا ہونے والے میچ میں میدان میں اتر آنے کا الزام لگایا گیا ہے۔ فٹبال ایسوسی ایشن نے بیلجئم کی فٹبال تنظیم پر بھی فرد جرم عائد کی ہے جس نے گو کہ آئرلینڈ کے خلاف میچ اپنے نام کیا تھا تاہم اس کے بعد ان کے حامیوں کی جانب سے نہ صرف آتش بازی کی گئی بلکہ جشن مناتے ہوئے گراؤنڈ میں چیزیں پھینکنا شروع کردی تھیں۔

واضح رہے کہ یوئیفا نے اس سے قبل روس اور انگلینڈ کو خبردار کیا تھا کہ اگر ان کے شائقین کی جانب سے اگر پھر ہنگامہ آرائی کی گئی تو انہیں نااہل قرار دے دیا جائے گا۔