زکوۃ و صدقات واجبہ ادائیگی کیطرح مستحق تک پہنچانا بھی واجب ہے، مفتی محمد نعیم

Muhammad Naeem

Muhammad Naeem

کراچی : جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم نے کہاکہ رمضان المبارک نیکیوں کا موسم بہار ہے ایک طرف خلق خدا اللہ کی خوشنودی کیلئے بدنی عبادت روزہ رکھتی ہے تودوسری جانب ماہ مبارک میں مسلمان اپنی زکوۃ ادا کرتے ہیں ، زکو اۃ ، صدقات اورصدقات واجبہ ادائیگی کی طرح مستحقین تک پہنچانابھی واجب ہے ،اسلئے نا م نہاد اسلامی فلاحی اداروں،این جی اوز اور سیاسی تنظیموں کو دینا جائز نہیں۔

موجودہ دورمیں قریبی رشتہ داروں کے بعد مدارس دینیہ ہی زکو ٰ ۃ ودیگرصدقات واجبہ کے بہترین مصرف ہیں۔بدھ کو جامعہ بنوریہ عالمیہ میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مفتی محمد نعیم نے مزید کہاکہ زکوٰۃ اسلام کے پانچ بنیادی ارکان میں سے بنیادی رکن اور مالی عبادات میں سب سے اہم عمل ہے اس کے بنیادی ارکان شریعت نے خود متعین کرکے دیے ہیں۔

جہاں زکوٰۃ دینے والوں کے لیے شرائط مقرر فرمائی ہیں، وہاں زکوٰۃ لینے والے بھی خود ہی بتلائے ہیں جن کے علاوہ کے لوگوں کو دینے سے ادا ہی نہیں ہوگی۔انہوں نے کہاکہ زکوٰۃ کوئی ہدیہ،معاوضہ،بدلہ نہیں ہے، نہ ہی یہ ایسی چیز ہے جسے مفادِ عامہ کے ایسے رفاہی کاموں میں خرچ کیا جاسکے جن سے عامۃ الناس کے فقیر وغنی فائدہ اٹھاسکیں ،نہ ہی اس کے لیے استعمال کی عام اجازت دینا کافی ہے بلکہ اس میں مستحق زکوٰۃ کو غیر مشروط طورپر مالک بنا کر اس کا قبضہ کرادینا لازمی ہے جسے مالک بن کر جس طرح چاہے وہ بلا روک ٹوک خرچ کرسکے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ دور میں صدقات واجبہ کے بہترین مستحق قریبی رشتہ دار وں کے بعد دینی درسگاہیں ہیں جو بے لوث ہوکر دین اسلام کی اشاعت وترویج میں ہمیشہ مصروف رہتے ہیں اس لیے اہل خیر کی ذمہ داری بنتی ہے کہ ان نظریاتی سرحدات کے محافظ اداروں مدارس کے ساتھ مالی تعاون کریں، انہوں نے کہاکہ زکو اۃ اورصدقات واجبہ ادائیگی کی طرح مستحق تک پہنچانابھی واجب ہے۔ انہوں نے کہاکہ نام نہاد این جی اوز اور سیاسی تنظیموں کو زکوۃ اور صدقات واجبہ دینا جائز نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ وطن عزیزکے حالات اورگزشتہ 41سال کے تجربات کے بعدیہ واضح ہے کہ بینکوں اورمالیاتی اداروں کے توسط سے اداکی جانے والی زکو ٓۃ مستحقین تک نہیں پہنچتی ہے اس لئے ملک کے تمام مکاتب فکرکے علمااورمفتیان کرام کااتفاق ہے کہ بینکوں اوردیگرمالیاتی اداروں کی توسط سے زکوٓۃ دیناجائزنہیں اوراگرکسی نہ دیدیاتوشرعاادائیگی نہ ہونے کیوجہ سے اس کودوبارہ زکوٰۃ دینی ہوگی۔

دریں اثناء،جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے بارشوں کے باعث نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت کی نااہلی کے باعث رحمت بھی زحمت میں بدل رہی ہے ، شہر میں نکاسی اب کا نظام نہ ہونے کے باعث بارش کا پانی سیلاب کا منظر پیش کررہاہے ، شہری مشکلات کا شکار ہیں اور حکمران اقتدار کے نشے میں چور ہیں۔

انہوں نے کہاکہ حکمران اللہ سے ڈریں قوم کی فکر کریں ،ایک طرف شہر میں بارش کا پانی سڑکوں پر تالا ب کا منظر پیش کررہارہے تو دوسری جانب کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی بندش کے باعث شہر کو اندھیرے میں رکھاگیا۔