زرداری اور نیازی گٹھ جوڑ کو دفن کریں گے، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) وزیرِ اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ زرداری اور نیازی صاحب مجھ پر دن رات الزامات لگاتے ہیں، ان کے الزامات اور گری ہوئی گفتگو کا جواب مزید خدمت کر کے دیں گے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا گوجرانوالہ میں جلسے سے خطاب میں کہنا تھا کہ آج زرداری اور نیازی آپس میں مل گئے ہیں، دونوں کا گٹھ جوڑ عوام کو سمجھ آ رہا ہے لیکن ان کے پلے کچھ نہیں ہے۔ ایک نے کراچی کو تباہ وبرباد کر دیا گیا جبکہ دوسرے نے خیبر پختونخوا کو اندھیروں میں دھکیل دیا۔ نیازی صاحب خیبر پختونخوا میں شکل دکھانے کے قابل نہیں لیکن ہمارے خلاف دن رات الزامات کی بارش کر رہے ہیں۔ دوسری جانب ہم نے ساڑھے چار سالوں میں ہزاروں میگاواٹ بجلی کے منصوبے مکمل کیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں بہترین ادویات فراہم کی جا رہی ہے، لاہور میں آئی ٹی سینٹر بن چکا ہے، پورے پنجاب میں بہترین روڈ بنائے جا رہے ہیں، ہم نے محنت سے کام کیا ہے، اللہ تعالیٰ کو منظور ہوا تو نیازی اور زرداری کا گٹھ جوڑ دفن کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر دن رات الزامات لگائے جاتے ہیں، ان کے الزامات اور گری ہوئی گفتگو کا جواب مزید خدمت کر کے دیں گے۔ اگلا الیکشن آنے والا ہے، عوام نے پرفارمنس دیکھ کر ووٹ دینا ہے، آپ نے دوبارہ خدمت کا موقع دیا تو پاکستان کا ہر شہر اور گاؤں لاہور کی طرح بنائیں گے۔