زرداری نے شریف خاندان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کر دیا

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

لاہور (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے شریف خاندان کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شریف فیملی کی ایک دن میں ضمانت، ہمیں اڑھائی اڑھائی سال میں ضمانت دی گئی۔

ہمارا کبھی ایک جگہ کبھی دوسری جگہ ٹرائل ہوا ہمیں پہلے گرفتار کر کے جیل بھیجا جاتا پھر کیس ڈھونڈے جاتے، جبکہ نواز شریف اور ان کے خاندان کا وی آئی پی احتساب ہو رہا ہے۔ جس احتساب کی چکی میں سے ہم گزرے شریف خاندان کو بھی گزرنا چاہیے۔ کاش شریف فیملی کے ساتھ بھی ایسا ہو۔ جب تک برابری کی بنیاد پر احتساب نہیں ہو گا ہم نہیں مانیں گے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ جب ہمیں جھوٹے مقدمات میں پھنسایا گیا تو شریف خاندان فرعون بنا ہوا تھا۔ سیسلین مافیا پاور گیم کرتا تھا بلکہ ہزاروں غلط کام بھی کرتا تھا۔ اب مجھے ڈر ہے کہ نواز شریف اور ان کے ساتھی بھی سیسلین مافیا والے کام نہ کر رہے ہوں۔

آصف زرداری نے الزام عائد کیا کہ گاڈ فادر لندن میں بیٹھ کر مفاہمت کے خفیہ پیغامات بھیج رہا ہے لیکن مومن ایک سوراخ سے دوسری دفعہ نہیں ڈسا جاتا، ہم نے مفاہمت کے پیغامات مسترد کر دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو یاد کرنا چاہیے کہ ان کا اپنا نیب کیا کرتا رہا۔ ہم نے تو سیف الرحمن کا احتساب برداشت کیا یہ نیب کے بارے میں باتیں کر رہے ہیں۔