زمبابوے سے سیریز میں اخراجات سے زیادہ آمدنی ہوئی

Zimbabwe Tour Pakistan

Zimbabwe Tour Pakistan

کراچی (جیوڈیسک) چیئرمین پی سی بی شہریارخان نے کہا ہے کہ زمبابوے کیخلاف سیریز میں جتنی رقم خرچ کی اس سے زیادہ آمدنی بھی ہوئی۔

میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی راہیں کھلیں بلکہ قومی یکجہتی کو بھی بہت فائدہ پہنچا، اس ضمن میں میڈیا اور عوام کا کردار قابل تحسین رہا، شائقین کرکٹ نے بہترین اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کرکے دل موہ لیے،انھوں نے شدید گرمی کے باوجود تحمل و برداشت کا مظاہرہ کیا، سفارت کاروں اور غیرملکی مہمانوں نے بھی قابل قدر جذبے کو سراہا، شہریار خان نے کہا کہ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن نے مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔

انھوں نے معذرت بھی کی کہ امریکا میں ہونے کی وجہ سے میچز دیکھنے نہیں آ سکے۔ چیئرمین نے کہا کہ 2012 میں آئی سی سی نے جائلز کلارک کی زیرسربراہی پاکستان کے حوالے سے ٹاسک فورس بنائی، اس نے کرکٹ کی بحالی کیلیے رپورٹ دی مگر کوئی پیش رفت نہ ہو سکی، اب وہ پھر سے اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ کیسے ہماری مدد کی جائے، سابق کرکٹر مائیک بریرلی کو آگے لایا جا رہا ہے، میں چاہتا ہوں کہ ایک انٹرنیشنل ٹیم یہاں لائی جائے۔