زمبابوے سے سیریز میں پاکستان کو انجانا خوف ستانے لگا

Shahid  Afridi

Shahid Afridi

کراچی (جیوڈیسک) زمبابوے سے سیریز میں پاکستان کو انجانا خوف ستانے لگا، ٹی 20 کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ہم حریف کو آسان نہیں سمجھتے کیونکہ اس نے حالیہ میچز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

بی بی سی کو انٹرویو میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ٹی 20 فارمیٹ میں کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں سمجھا جا سکتا، اس میں ایک مرتبہ کھیل آپ کے ہاتھ سے نکل جائے تو پھر واپس آنا مشکل ہوتا ہے۔ آفریدی نے کہا کہ زمبابوین ٹیم نے حالیہ میچز میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جب وہ پاکستان آئی تب بھی پاکستانی سائیڈ اسے آسانی سے نہیں ہرا پائی تھی۔

قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ورلڈ ٹی 20 کو ذہن میں رکھ کر نئے کھلاڑیوں کو موقع دینا اچھی بات ہے۔ زمبابوین ٹور کیلیے اسکواڈ میں2 نئے کھلاڑی شامل کیے گئے اس سے زیادہ کو موقع نہیں دیا جا سکتا تھا، البتہ توقع ہے کہ آنے والے میچز میں مزید باصلاحیت کرکٹرزکو آزمایا جائے گا۔

شاہد آفریدی نے نئے پیسر عمران خان جونیئر کے بارے میں کہا کہ وہ اچھے بولر اور ان کی سلو ڈیلیوریز بہت موثر ہیں۔ کپتان نے کہا کہ میں نے ورلڈ ٹی20 کی تیاری کے تناظرمیں سلیکٹرز سے بات کی ہے کہ انگلینڈ لائنز کے خلاف میچز میں بھی کھیلنا چاہتا ہوں۔

یاد رہے کہ مہمان سائیڈ دسمبر میں متحدہ عرب امارات میں پاکستان اے کے خلاف میچز کھیلے گی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کہہ چکا ہے کہ اگر وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد پاکستانی ٹیم کے ساتھ مصروف نہ ہوئے تو وہ اے ٹیم کی قیادت سنبھالیں گے۔ شاہد آفریدی 82 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچزمیں 83 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں، یہ سعید اجمل کی سب سے زیادہ85 وکٹوں سے 2 کم ہیں، آل راؤنڈر نے 27 میچز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت سنبھالی، ان میں سے 13 جیتے اور14 میں شکست ہوئی۔