ذوالفقار کی چکمہ دیتی گیندوں پر آئی لینڈرز چکرا گئے

Zulfiqar Babar

Zulfiqar Babar

کولمبو (جیوڈیسک) ٹور میچ میں ذوالفقار بابرکی چکمہ دیتی گیندوں پرآئی لینڈرز چکرا گئے، پاکستان نے بورڈ پریذیڈنٹ الیون کو 241 رنز پر ٹھکانے لگا دیا، لیفٹ آرم اسپنر نے6شکار کرتے ہوئے افادیت ثابت کردی،مہمان سائیڈ 6 رنز کی معمولی برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہی،4 وکٹ پر 217رنز بنانے والی میزبان سائیڈ نے آخری 6 وکٹیں صرف 24 رنز کے سفر میں گنوا دیں،کوشل سلوا نے ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری جڑی، اپل تھارنگا 35 اور جیہان مبارک 28رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جواب میں گرین کیپس نے ایک وکٹ پر27رنز بنالیے، محمد حفیظ ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف 8رنز پر بولڈ ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کولمبو میں سہ روزہ ٹور میچ کے دوسرے دن سری لنکن بورڈ پریذیڈنٹ الیون نے ایک وکٹ پر 44 رنز سے جوابی اننگز دوبارہ شروع کی، وہاب ریاض نے اپل تھارنگا(35) کو وکٹ کیپر سرفراز احمد کا کیچ بنوایا تو مجموعی اسکور 62 تھا، دوسرے اینڈ پر کوشل سلوا نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا، جیہان مبارک کے ساتھ اوپنر 63 رنز کی شراکت قائم کرنے میں کامیاب ہوئے،انھیں 28پر ذوالفقار بابر نے بولڈ کیا، دنیش چندیمل 22 رنز بنانے کے بعد اسپنر کا دوسرا شکار بنے،کیچ اظہر علی کے ہاتھوں میں محفوظ ہوا، ایک موقع پر میزبان ٹیم کے4 وکٹ پر217 رنز مضبوط پوزیشن کی غمازی کر رہے تھے۔

یوں محسوس ہوتا تھا کہ بیٹسمین بڑی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے تاہم مہمان اسپنرز نے تباہی مچاتے ہوئے ارادے ناکام بنا دیے، ذوالفقار بابر نے ملنڈا سری وردنا کی اننگز کا 26 رنز پر اختتام کرنے کیلیے یونس خان سے معاونت حاصل کی،اگلی ہی گیند پر نیروش ڈکویلا بغیر کھاتہ کھولے اظہر علی کو کیچ دے بیٹھے، نسالا کمیگی 12رنز ہی بناپائے تھے کہ ذوالفقار اور یاسر شاہ کے گٹھ جوڑ کا شکار بن گئے۔

میزبان ٹیم کی اننگز کو استحکام دینے والے کوشل سلوا نے اپنی سنچری تو مکمل کرلی لیکن صرف ایک رن کا مزید اضافہ کرنے کے بعد یاسر کی گیند یونس خان کو تھماکر پویلین لوٹ گئے، ذوالفقار بابر نے وشوا فرنانڈو(4) کو میدان بدر کرنے کیلیے عمران خان کی مدد لی،کیسن راجیتھا اسکوررکو زحمت بھی نہ دے پائے تھے کہ یاسر شاہ نے ایل بی ڈبلیو کردیا،اننگز 241 پر تمام ہوگئی،آخری 6 وکٹیں صرف 24رنز کے سفر میں گریں، ایک موقع پر خسارے میں نظر آنے والے گرین کیپس صرف 6 رنز کی معمولی برتری پانے میں کامیاب ہوگئے۔

ذوالفقار بابر نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے صرف 31 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، یاسر شاہ نے 2 شکار کیے،وہاب ریاض اور جنید خان ایک،ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے، پہلی اننگز میں 247 رنز بنانے والی پاکستانی ٹیم کو محمد حفیظ دوسری بار بھی اچھا آغاز فراہم نہ کرپائے،کمیگی نے8 رنز پر بیلز فضا میں بکھیر دیں،احمد شہزاد کے بجائے اوپنر بھیجے جانے والے شان مسعود(15) نے دن کے اختتام تک وکٹ بچائے رکھی۔

ان کے ساتھ اظہر علی 3 رنز سے ہفتے کو اننگز کا دوبارہ آغاز کریںگے، پاکستان کا مجموعی اسکور 27 اور برتری 33 رنز کی ہوچکی ہے، مہمان بیٹسمین 17 جون سے شیڈول گال ٹیسٹ سے قبل زیادہ سے زیادہ پریکٹس کے موقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرینگے۔