ذوالفقار مرزا کو گرفتار کرنے کی تیاریاں، چار اضلاع کی پولیس بدین پہنچ گئی

Zulfiqar Mirza

Zulfiqar Mirza

بدین (جیوڈیسک) بدین میں تھانے پر دھاوے اور توڑ پھوڑ کے الزام میں تین مقدمات کے اندارج کے بعد ذوالفقار مرزا کی گرفتاری کیلئے مشاورت جاری ہے۔

چار اضلاع سے بھاری نفری اور بکتر بند گاڑیاں بھی تھانہ ماڈل ٹاؤن پہنچ گئی ہیں۔ ایس پی بدین کہتے ہیں کہ ملزم کو آج رات گرفتار کر لیا جائے گا۔

تھانے کے اندر پولیس افسر کو ہراساں کرنے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے مقدمات درج کرنے کے بعد پولیس سابق وزیرداخلہ سندھ کی گرفتاری کے لئے مشاورت کر رہی ہے۔

ایس پی آفس بدین میں ڈی آئی جی حیدر آباد ثناء اللہ عباسی کے زیر صدارت چار اضلاع کے ایس پیز اور دیگر افسروں کے خفیہ اجلاس میں کارروائی کے حوالے سے طویل مشاورت کی گئی۔

بدین، ٹھٹھہ، حیدر آباد اور سجاول سے نفری، کمانڈوز اور بکتر بند گاڑیاں بھی تھانہ ماڈل ٹاؤن پہنچ گئی ہیں۔ دوسری جانب ذوالفقار مرزا کے سیکڑوں حامی بھی ان کی رہائش گاہ مرزا فارم جمع ہیں۔