ذوالفقار مرزا کو کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہو گی، فہمیدہ مرزا

Fahmida Mirza

Fahmida Mirza

کراچی (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کی رہنما ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا ہے کہ ذوالفقار مرزا پر بنائے گئے مقدمات جعلی ہیں اور اگر انہیں کوئی نقصان پہنچا تو ذمہ دار حکومت ہو گی۔

سابق صوبائی وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا اپنے حامیوں کے ہمراہ کراچی پہنچے جہاں ان کے دیگر حامیوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا، ذوالفقار مرزا کے قافلے پر پھولوں کی پتیاں بھی نچھاور کی گئیں۔

کراچی پہنچنے کے بعد اپنی رہائشی گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ ذوالفقار مرزا پر بنائے گئے تمام مقدمات جعلی ہیں وہ آج ضمانت کے لیے عدالت جائیں گے تاہم تمام مسائل کا حل سیاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار مرزا کو کچھ ہواتو ذمہ دار حکومت ہوگی جب کہ جو کچھ ہو رہا ہے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہوں اور امید کرتی ہوں کہ عدلیہ انصاف کرے گی۔

فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا ایسا لگتا ہے کہ کوئی سننے والا نہیں ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے سزا دینے کا تہیہ کر رکھا ہے، اگر میڈیا نہ ہوتا توپتا نہیں کیا ہوجاتا جب کہ میری تمام جدوجہد جمہوریت کے لیے ہے اور اپنی پوری زندگی بہت جدوجہد کی ہے۔

کراچی روانگی سے قبل بات کرتے ہوئے ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ عدالت نے مجھے اپنی اور اہل خانہ کی حفاظت کا بندوبست کرنے کی اجازت دی ہے جب کہ اللہ نے اتنی ہمت دی ہے کہ ہر قسم کی مزاحمت کا سامنا کرسکتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی پہنچ کر سیدھا اپنے گھر جاؤں گا اور اگر کسی نے مزاحمت کی کوشش کی تو اس کے دانت کھٹنے کر دوں گا۔

ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت جنگلات کی زمینوں پر قبضے کی تحقیقات کا شوق پورا کرلے، اس میں خود ان کے ہی لوگ بے نقاب ہوں گے، مجھ پر ایک ایکڑ زمین بھی ثابت نہیں کر سکیں گئے۔
واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے ذوالفقار مرزا کی بدین میں پولیس اسٹیشن میں توڑ پھوڑ کرنے کے مقدمے میں حفاظتی ضمانت 9 مئی تک منظورکرتے ہوئے عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔