پاکستانی اداکارہ حنا خواجہ بیات نے دعویٰ کیا ہے کہ بالی وڈ کے معروف اداکار عامر خان نے ان کے شو سے متاثر ہو کر اپنا شو بنایا۔ حنا بیات حال ہی میں ایک نجی شو میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنے کیرئیر اور دیگر دلچسپ موضوعات پر بات کی۔
حنا بیات نے اپنے کیرئیر کا آغاز بطور میزبان کیا تھا، لیکن وہ پاکستانی ٹیلی ویژن پر پہلی شخصیت تھیں جنہوں نے معاشرے کے حقیقی مسائل کو اسکرین پر پیش کیا۔ انہوں نے اپنے شو ’الجھن سلجھن‘ اور ’جیو حنا کے ساتھ‘ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے جس زمانے میں اس شو کا آغاز کیا، اس وقت کوئی بھی نفسیاتی مسائل پر بات نہیں کرتا تھا۔ ہمارا مقصد لوگوں کی تشہیر کیے بغیر ان کے مسائل کو سامنے لانا تھا۔ پہلے شو کا نام ’الجھن سلجھن‘ تھا، جو نفسیاتی مسائل پر مرکوز تھا، بعد میں اسے ’جیو حنا کے ساتھ‘ کا نام دیا گیا۔‘‘
حنا بیات نے مزید کہا کہ ’’اس شو کا سیٹ بھی میں نے خود ڈیزائن کیا تھا۔ لیکن کچھ عرصے بعد عامر خان نے بھی ایک شو شروع کیا، جسے دیکھ کر ہم حیران رہ گئے، کیونکہ اس شو کا سیٹ اور مواد ہمارے شو سے بہت ملتا جلتا تھا۔ میں یہی کہوں گی کہ عامر خان ہمارے شو سے متاثر ہوئے تھے۔‘‘
اگرچہ حنا بیات نے عامر خان کے شو کا نام نہیں لیا، لیکن میڈیا رپورٹس کے مطابق ان کے شو کے بعد بھارتی چینل اسٹار پلس پر ’ستیہ میو جیتے‘ کے نام سے ایک شو کی میزبانی عامر خان نے کی تھی۔ یہ شو اپنے منفرد فارمیٹ کی وجہ سے بھارت میں کافی مقبول ہوا تھا۔
حنا بیات نے اپنے شو کے ذریعے نہ صرف معاشرتی مسائل کو اجاگر کیا بلکہ ایک نئے انداز کی میزبانی کا آغاز بھی کیا، جو بعد میں دیگر ممالک میں بھی متاثر کن ثابت ہوا۔
