بھارت نے فرانس کے ساتھ ایک اہم معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت بھارتی بحریہ کے لیے 26 رافال جنگی طیارے خریدے جائیں گے۔ یہ معاہدہ پیر کے روز طے پایا، جس کی تصدیق بھارتی وزارت دفاع نے کی ہے۔
یہ معاہدہ کئی سالوں سے زیر غور تھا اور اب اس پر عمل درآمد ہونے جا رہا ہے۔ اس سے قبل بھارت نے 36 رافال طیارے فرانس سے خریدنے کی ابتدائی کھیپ کے طور پر حاصل کیے تھے۔ نئی خریداری کی قیمت کا فی الحال اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
رافال طیارہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد ملٹی رول جنگی طیارہ ہے، جو فضائی دفاع، جاسوسی اور بمباری کے مشنز کو انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ فرانسیسی بحریہ میں 2004 سے اور فضائیہ میں 2006 سے زیر استعمال ہے۔ فرانسیسی افواج کے پاس اس وقت 165 رافال طیارے ہیں، جن میں سے 41 کو بحریہ کے لیے خصوصی طور پر تیار کیا گیا ہے۔
رافال طیارے کی عالمی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 2015 سے لے کر اب تک سات ممالک نے اس کی خریداری کی ہے، جن میں قطر، مصر، یونان، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، اور کروشیا شامل ہیں۔
