لاہور: سیشن کورٹ لاہور میں وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے خلاف دائر ہتک عزت کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ ایڈیشنل سیشن جج یلماز علی کی عدالت میں ویڈیو لنک کے ذریعے وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنی جانب سے دیے گئے بیان پر جرح کا سامنا کیا۔
عمران خان کے وکیل نے شہباز شریف سے سوال کیا کہ آپ نے اپنے دعوے میں پاناما کیس کا ذکر کیوں کیا ہے اور اس کیس کے بارے میں آپ کی کیا معلومات ہیں؟ شہباز شریف نے جواب دیا کہ ان پر 10 ارب روپے کا الزامات لگایا گیا تھا جو سراسر غلط تھا۔
سماعت کے دوران وزیر اعظم نے بھارت کے خلاف فتح پر قوم کو مبارکباد پیش کی، جس پر جج نے بھی انہیں مبارکباد دی۔ عمران خان کے وکیل نے سوال اٹھایا کہ کیا الزام تحریری طور پر لگایا گیا تھا؟ اس پر وزیر اعظم نے کہا کہ الزام ٹی وی پر بار بار دہرایا گیا۔
وکیل نے مزید سوال کیا کہ کیا اخبارات کو بھی فریق بنایا گیا یا لیگل نوٹس بھجوائے گئے؟ وزیر اعظم نے جواب دیا کہ انہیں کوئی دوسرا دعویٰ دائر کرنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔
عدالت نے مزید سماعت 2 جون 2025 تک ملتوی کر دی۔
