لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت غربت کے خاتمے کے لیے مسلسل اور عملی اقدامات کر رہی ہے اور نعرے بازی کے بجائے ٹھوس معاشی پالیسیوں اور عوامی فلاحی منصوبوں کے ذریعے پسماندہ طبقات کو بااختیار بنایا جا رہا ہے۔
غربت کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مستحق افراد کو حکومتی منصوبوں کے ذریعے معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جن میں اپنی چھت، اپنا گھر، پرواز کارڈ، لیپ ٹاپ کی تقسیم اور ہنر مند اسکالرشپ پروگرام شامل ہیں۔
دیہی خواتین کی معاشی بااختیاری
مریم نواز شریف نے کہا کہ دیہی علاقوں کی خواتین کو ہنر مندی کے فروغ کے پروگراموں اور بلا سود قرضوں کے ذریعے معاشی طور پر بااختیار بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دھی رانی پروگرام کے تحت پنجاب حکومت مستحقین کی شادی کے تمام اخراجات برداشت کر رہی ہے۔
اپنا کھیت، اپنا روزگار منصوبہ
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اپنا کھیت، اپنا روزگار منصوبے کے تحت سرکاری زمین کے ہزاروں ایکڑ رقبے کو غریب اور بے زمین دیہی باشندوں کو دس سال کے لیے لیز پر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد دیہی غربت میں کمی، زرعی پیداوار میں اضافہ اور بے روزگاری کا خاتمہ ہے۔
نوجوانوں اور ہنرمند کارکنوں کے لیے آسان قرضے
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں، خواتین اور ہنرمند کارکنوں کو اپنے کاروبار کے قیام کے لیے آسان شرائط اور کم شرحِ منافع پر قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ حکومت کا ہدف غربت کے خاتمے کے لیے ایسے اقدامات کو یقینی بنانا ہے جو مستحق طبقات کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی لائیں اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنائیں۔
