راولپنڈی: اڈیالہ جیل کے گیٹ پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اور بیرسٹر شعیب شاہین کے درمیان تنازعہ کھڑا ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق یہ واقعہ جیل کے گیٹ نمبر پانچ پر پیش آیا جہاں فواد چوہدری نے شعیب شاہین کو ٹاؤٹ کہہ کر مخاطب کیا، جس پر شعیب شاہین نے جواباً کہا کہ وہ اپنے کام سے کام رکھیں۔
فواد چوہدری نے اس بحث کے دوران شعیب شاہین کو تھپڑ دے مارا، جس کے نتیجے میں شعیب شاہین زمین پر گر گئے اور ان کے بازو پر چوٹ آئی۔ بعد ازاں فواد چوہدری جیل کے اندر چلے گئے جبکہ شعیب شاہین کو جیل کے سپرنٹنڈنٹ نے اندر بلالیا۔
اس سلسلے میں پی ٹی آئی کی کارکن نادیہ خٹک نے بتایا کہ فواد چوہدری نے شعیب شاہین پر ہاتھ اٹھایا اور وہ زمین پر گر گئے۔ انہوں نے کہا کہ اختلافات زبانی کلامی حد تک ہی رہنے چاہئیں، ہاتھا پائی سے گریز کرنا چاہیے۔ نادیہ خٹک نے مزید کہا کہ شکر ہے شعیب شاہین کی کوئی ہڈی نہیں ٹوٹی، تاہم ان کے ہاتھ پر چوٹ آئی ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ فواد چوہدری کا کسی کے ساتھ جھگڑا ہوا ہو۔ اس سے قبل بھی وہ اینکر پرسن مبشر لقمان اور سمیع ابراہیم کے ساتھ تنازعے میں ملوث ہو چکے ہیں۔
