اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی تعمیرات اور غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جا سکے۔
اجلاس میں وزیر داخلہ نے متعلقہ افسران کو غیر قانونی تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کی ہدایت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیٹلائٹ میپنگ کے ذریعے غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی کی جائے اور فوری کارروائی کی جائے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو عالمی معیار کی خدمات کی فراہمی ہماری ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ ایس پیز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو فعال طریقے سے اپنے فرائض انجام دینے کی ہدایت کی تاکہ پولیس اور انتظامیہ کا تشخص بہتر ہو سکے۔
اس کے علاوہ، وزیر داخلہ نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر موثر کنٹرول یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی۔ انہوں نے عیدالاضحٰی کے موقع پر شہر کی صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھنے کی تاکید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی سہولت کیلئے نئے اقدامات اٹھانے اور مطلوبہ نتائج کے حصول کے لئے قومی جذبے سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
