ادارہ شماریات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں مویشیوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس میں بھینسوں کی تعداد میں 13 لاکھ 78 ہزار کا اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھینسوں کی موجودہ تعداد 4 کروڑ 76 لاکھ 88 ہزار تک پہنچ گئی ہے جبکہ گذشتہ سال یہ تعداد 4 کروڑ 63 لاکھ 10 ہزار تھی۔
گدھوں کی تعداد میں بھی ایک لاکھ 9 ہزار کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو اب 60 لاکھ 47 ہزار تک پہنچ چکی ہے۔ اس سے قبل گدھوں کی تعداد 59 لاکھ 38 ہزار تھی۔
ادارہ شماریات کی دستاویز کے مطابق بھیڑوں کی تعداد میں بھی 3 لاکھ 88 ہزار کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد مجموعی تعداد 3 کروڑ 31 لاکھ 19 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ بکریوں کی تعداد میں بھی 23 لاکھ 58 ہزار کا اضافہ ہوا ہے، جس سے ان کی تعداد 8 کروڑ 93 لاکھ 93 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔
ملک میں اونٹوں کی تعداد میں بھی 14 ہزار کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد ان کی تعداد 11 لاکھ 77 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ گھوڑوں کی تعداد میں ایک ہزار اور خچروں کی تعداد میں 3 ہزار کا اضافہ ہوا، جس سے گھوڑوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 83 ہزار اور خچروں کی تعداد 2 لاکھ 27 ہزار ہوگئی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر مویشیوں کی تعداد میں 21 لاکھ 71 ہزار کا اضافہ ہوا ہے، جس سے ان کی تعداد 5 کروڑ 97 لاکھ 11 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ ملک میں مویشیوں کی تعداد میں اس اضافہ کو معاشی ترقی کا ایک اہم عنصر سمجھا جا رہا ہے۔
