کراچی: سندھ رینجرز اور ضلع غربی پولیس نے سرجانی ٹاؤن میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی انسانی اسمگلنگ میں ملوث پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ملزمان غیر قانونی افغان شہریوں کو حب سے کراچی منتقل کرتے تھے اور حب میں ان کے قیام کا عارضی انتظام بھی کرتے تھے۔
گرفتار ملزمان کی شناخت
رینجرز ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں عبدالعزیز بروہی، محمد بخش دشتی، علی حسن بروہی، ندیم بروہی اور جمیل بروہی شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، منشیات اور ایک سوزوکی لوڈر گاڑی بھی برآمد کی گئی ہے۔
گرفتاری سے بچنے کے لیے غیر ہموار راستے
ترجمان کے مطابق ملزمان گرفتاری سے بچنے کے لیے منگھوپیر، بند مراد، سرجانی اور ناردرن بائی پاس کے غیر ہموار راستوں کا استعمال کرتے تھے۔ رینجرز کے مطابق ملزمان ایک خاندان کو کراچی منتقل کرنے کے عوض تقریباً بیس لاکھ روپے وصول کرتے تھے۔
ایک ماہ میں 230 افغان شہری منتقل
ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے صرف ایک ماہ کے دوران تقریباً دو سو تیس غیر قانونی افغان شہریوں کو کراچی منتقل کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ انسانی اسمگلنگ کے لیے چھوٹی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کا بھی استعمال کیا جاتا رہا ہے، جبکہ ملزمان کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔
دہشت گردی میں ملوث ملزمان کی منتقلی کا انکشاف
ترجمان سندھ رینجرز نے مزید انکشاف کیا کہ اسی نوعیت کے ایک گروہ نے بلوچستان سے کراچی تک دہشت گردانہ حملوں میں ملوث ملزمان کی منتقلی میں بھی مدد فراہم کی تھی۔
