کراچی: شہر قائد میں فٹنس اور دوڑ کے شوقین افراد کے لیے ایک شاندار موقع دیکھنے میں آیا جب لائف بوائے گلوبل ون رن ہاف میراتھن میں 1500 سے زائد رنرز نے بھرپور حصہ لیا۔ مختلف شہروں سے آئے کھلاڑیوں اور فٹنس کے دلدادہ افراد نے متعدد زمروں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جبکہ ملک بھر سے شرکاء نے ورچوئل رنز کے ذریعے بھی اس ایونٹ کا حصہ بنے۔
اسپورٹس ان پاکستان کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس ایونٹ میں ہاف میراتھن (21 کلومیٹر)، 10 کلومیٹر اور 5 کلومیٹر کی دوڑیں شامل تھیں، جس نے ہر عمر کے رنرز کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ یہ شہر کی بڑی کمیونٹی فٹنس تقریبات میں سے ایک بن کر ابھری ہے۔
ہاف میراتھن: اسرار کھٹک اور ممتاز نیامت کی برتری
مردوں کی ہاف میراتھن میں اسرار کھٹک نے 1 گھنٹہ، 16 منٹ اور 17 سیکنڈ کے شاندار وقت کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ان کے بعد محمد سجاد 1:19:27 کے وقت کے ساتھ دوسرے اور خورشید احمد 1:19:52 کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
خواتین کی ہاف میراتھن میں ممتاز نیامت خان نے 1:51:52 کے وقت کے ساتھ فتح اپنے نام کی۔ سدرہ دگھا 1:57:36 کے ساتھ دوسرے اور ماہ نور فاطمہ 1:58:13 کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔
10 کلومیٹر ریس: رضا محمد اور ماہ نور فاطمہ کی جیت
مردوں کی 10 کلومیٹر دوڑ میں رضا محمد نے 38 منٹ اور 33 سیکن کے وقت کے ساتھ پہلی پوزیشن جیتی۔ امجد علی 41:48 کے ساتھ دوسرے اور فرحان سہاب 42:38 کے ساتھ تیسرے نمبر پر آئے۔
خواتین کی 10 کلومیٹر ریس میں ماہ نور فاطمہ نے 51:26 کے وقت کے ساتھ کامیابی حاصل کی۔ ان کے بعد لینا عابد 56:37 کے ساتھ دوسرے اور حفصہ خان 1:04:03 کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔
5 کلومیٹر کی دوڑ میں نوجوانوں کا جوش
لڑکوں کی 5 کلومیٹر ریس میں فرمان خان نے 18:20 کے وقت کے ساتھ بازی ماری۔ ثاقب علی 19:10 کے ساتھ دوسرے اور تاج خان 22:58 کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔
لڑکیوں کی 5 کلومیٹ کیٹیگری میں کائنات خلیل نے 22:49 کے وقت کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ زہرا علی 26:09 کے سات دوسرے اور سعید اللہ بلوچ 28:26 کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہیں۔
پاکستان میں فٹنس کا بڑھتا رجحان
ریس ڈائریکٹر شعیب نظامی نے شرکاء کی بڑی تعداد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں دوڑ اور فٹنس کے بڑھتے ہوئے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
نظامی نے کہا، “ہم کراچی میں لائف بوائے گلوبل ون رن کے لیے اتنی شاندار شرکت دیکھ کر بے حد خوش ہیں، جبکہ پورے پاکستان سے رنرز نے ورچوئل طور پر بھی حصہ لیا۔ یہ دیکھنا حوصلہ افزا ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ دوڑ اور فٹنس کو اپنا رہے ہیں۔ اسپورٹس ان پاکستان پاکستانیوں کے لیے مزید رننگ ایونٹس لاتا رہے گا اور کھیل کے ذریعے صحت مند طرز زندگی کو فروغ دیتا رہے گا۔”
اس ایونٹ میں ملک کے مختلف حصوں سے رنرز کی ورچوئل شرکت بھی شامل تھی، جو پاکستان میں برداشت کے کھیلوں اور کمیونٹی فٹنس سرگرمیوں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو نمایاں کرتی ہے۔
