اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جمعہ کے روز مصری وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
مصری وزیر خارجہ نے پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر پاکستان کی قیادت، حکومت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی اور ملک میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
برادرانہ تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ
اسحاق ڈار اور بدر عبدالعاطی نے پاکستان اور مصر کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اعلیٰ سطحی دوروں کے تبادلے اور ادارہ جاتی سطح پر قریبی روابط کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔
علاقائی اور عالمی امور پر مشاورت
فون کال کے دوران دونوں رہنماؤں نے مشترکہ دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مستقبل قریب میں قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ یہ گفتگو دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی اور کثیر الجہتی تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
