اسلام آباد: پٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، پاکستان میں ہفتہ وار مہنگائی میں 0.49 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد مجموعی سالانہ مہنگائی کی شرح 9.66 فیصد تک پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات پاکستان (پی بی ایس) نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق اپنی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق ہفتے کے دوران 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 10 اشیاء سستی ہوئیں اور 18 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
کن اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا؟
پی بی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق تازہ ترین ہفتے کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 3.77 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ پیاز 14.17 فیصد مہنگی ہوئی اور چکن کی قیمت میں 3.35 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
دیگر اشیائے ضروریہ میں چنے کی دال، لہسن اور چائے کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔
کن اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی؟
دوسری جانب ہفتے کے دوران انڈوں کی قیمت میں 5.78 فیصد کمی واقع ہوئی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 5.15 فیصد کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ٹماٹر کی قیمت میں 4.99 فیصد اور آلو کی قیمت میں 1.17 فیصد کمی ہوئی۔ چینی، ایل پی جی اور کیلوں کی قیمتوں میں بھی ہفتے کے دوران کمی دیکھنے میں آئی۔
یہ اعداد و شمار ملک میں مہنگائی کے رجحان کو ظاہر کرتے ہیں جہاں توانائی کی قیمتوں میں اضافے کا اثر اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں پر پڑ رہا ہے۔
