بشکیک: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کرغزستان کے وزیر خارجہ ژین بیک کولوبائیف سے بشکیک میں ملاقات کی اور دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور رابطوں سمیت دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے کرغزستان کی شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی کامیاب قیادت، سربراہی اجلاس کی موثر میزبانی اور چھٹے عالمی خانہ بدوش کھیلوں کی افتتاحی تقریب پر وزیر خارجہ کولوبائیف کو مبارکباد دی۔ انہوں نے ایس سی او کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں کرغزستان کی قیادت کو سراہا۔
علاقائی امن اور مشترکہ خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کا فیصلہ
نائب وزیراعظم ڈار نے پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، رابطوں، علاقائی سلامتی اور عوام سے عوام کے رابطوں پر خصوصی توجہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنائے گا۔
کرغز وزیر خارجہ کولوبائیف نے 2026-27 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی چیئرمین شپ سنبھالنے پر پاکستان کو مبارکباد دی اور اعتماد ظاہر کیا کہ پاکستان تنظیم کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں موثر قیادت فراہم کرے گا۔
باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
کرغز وزیر خارجہ نے پاکستان کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات کو اہمیت دیتے ہوئے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیاری کا اظہار کیا۔
دونوں فریقین نے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور ایس سی او اور دیگر کثیر الجہتی فورمز میں امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ بھی نائب وزیراعظم کے ہمراہ تھیں۔
