نیویارک: اقوام متحدہ کے صدر دفتر کے باہر اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کی تقریر سے قبل احتجاج کے دوران پولیس نے کم از کم 30 افراد کو گرفتار کر لیا، جن میں نامور اداکارائیں اور سیاستدان بھی شامل ہیں۔
گرفتار ہونے والوں میں کون کون شامل؟
رائٹرز کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ سوسن سیرینڈن، ایممی ایوارڈ یافتہ ہننا آئن بنڈر، ڈیموکریٹک کانگریشنل امیدوار ڈیریالیزا ایویلا شیولیئر اور نیویارک سٹی کونسل کے رکن چی اوسی شامل ہیں۔
احتجاج کا پس منظر
یہ احتجاج جمعرات کے روز اقوام متحدہ کے صدر دفتر کے باہر کیا گیا، جہاں مظاہرین نے غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ یہ مظاہرہ یہودی وائس فار پیس نامی تنظیم نے منعقد کیا، جو فلسطینیوں کی حمایت کرنے والا ایک یہودی کارکن گروپ ہے۔
مظاہرین کا مطالبہ
تقریباً 200 افراد نے اقوام متحدہ کے باہر جمع ہو کر ایک جیسی سفید ٹی شرٹس پہنی ہوئی تھیں، جن پر “بموں پر نہیں، عوام پر خرچ کرو”، “جنگ نہیں” اور “فلسطین آزاد” کے نعرے درج تھے۔
پولیس کی کارروائی
مظاہرین نے ٹریفک روک دی، جس پر پولیس نے لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے انہیں منتشر ہونے کا حکم دیا۔ کچھ افراد فٹ پاتھ پر چلے گئے، لیکن مظاہرین کا مرکزی گروپ سڑک پر بیٹھا رہا اور نیتن یاہو کے خلاف نعرے لگاتا رہا۔
پولیس افسران، جو سائیکلوں پر پہنچے تھے، نے مظاہرین کو گھیر لیا اور ایک ایک کر کے انہیں زپ ٹائیز سے باندھ کر پولیس بسوں میں منتقل کر دیا۔ کارکنوں نے بسوں کے باہر بھی “نیتن یاہو جہنم میں جاؤ” کے نعرے لگاتے رہے۔
مظاہرین کا موقف
50 سالہ یونیورسٹی پروفیسر منیجہ مرادیان، جو ایرانی اور یہودی نسل سے تعلق رکھتی ہیں، نے کہا: “غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے، ایک پوری معاشرے کا خاتمہ، ہمارے نام پر، ہمارے ٹیکس کے پیسوں سے، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس کے خلاف آواز اٹھائیں۔ نیتن یاہو کو کوئی حق نہیں کہ وہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم کو ان مظالم کے جواز کے لیے استعمال کرے۔”
نیتن یاہو کی تقریر
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں نیتن یاہو نے خطے میں اسرائیل کے اقدامات کا دفاع کیا اور بڑھتی ہوئی بین الاقوامی تنہائی کا مقابلہ کرنے کی کوشش کی۔ ان کی تقریر کے دوران درجنوں مندوبین جنرل اسمبلی ہال سے باہر چلے گئے۔
