راولپنڈی: بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورت حال اور پاکستان و بحرین کے درمیان دوطرفہ دفاعی و سلامتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک بحرین تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان اور بحرین کے طویل المدتی برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مشترکہ اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔
انہوں نے مختلف شعبوں بالخصوص دفاع اور سلامتی میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
بحرینی وزیر خارجہ کی پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف
بحرین کے وزیر خارجہ نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کو سراہا اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کی کوششوں اور کردار کو بھی تسلیم کیا۔
