ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے گزشتہ رات مختلف پاکستانی علاقوں میں حملے کیے گئے جنہیں پاک فوج نے کامیابی سے ناکام بنایا۔ بھارت کی جانب سے بھیجے گئے 12 ہیرب ڈرونز کو پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تباہ کر دیا۔ ان مقامات میں لاہور، چکوال، راولپنڈی، اٹک، بہاولپور، چھور، میانو، گوجرانوالہ اور کراچی کے قریب کے علاقے شامل تھے۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ان حملوں میں لاہور میں پاک فوج کے چار افسران زخمی ہوئے جبکہ سندھ کے میانو علاقے میں ایک سویلین شہری جان کی بازی ہار گیا۔ تمام ڈرونز کے ملبے کو متعلقہ علاقوں میں بروقت کارروائی کے بعد جمع کرلیا گیا ہے۔
یہ حملے اس وقت ہوئے جب حال ہی میں بھارت نے آزاد کشمیر کے مظفر آباد، کوٹلی اور باغ سمیت مریدکے اور شگر گڑھ میں شہری آبادی کو نشانہ بناتے ہوئے 31 پاکستانیوں کو شہید اور 57 کو زخمی کیا تھا۔ پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارت کے پانچ طیاروں کو تباہ کیا جس میں تین رافیل طیارے بھی شامل تھے۔ اس کارروائی میں مقبوضہ کشمیر میں کئی بھارتی چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔
وزیر اعظم نے بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے اور ہر قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ پاکستانی عوام نے مسلح افواج کی حمایت میں ریلیاں نکال کر ان کی جرات کو سلام پیش کیا۔
