وینزویلا کے دارالحکومت کراچس اور گرد و نواح میں بدھ کی شام محض 39 سیکنڈ کے وقفے سے آنے والے دو شدید زلزلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ 7.2 اور 7.5 کی شدت کے ان زلزلوں کے نتیجے میں کم از کم 164 افراد ہلاک اور ایک ہزار سے زائد زخمی ہو گئے ہیں، جبکہ حکام کو خدشہ ہے کہ ملبے تلے دبنے والوں کی وجہ سے ہلاکتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے
عمارتیں منہدم، شہریوں میں خوف و ہراس
امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق، پہلا زلزلہ مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 4 منٹ پر 21.9 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا، جس کا مرکز کراچس سے 200 کلومیٹر مغرب میں تھا۔ صرف 39 سیکنڈ بعد 10 کلومیٹر کی گہرائی میں 7.5 شدت کا دوسرا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا،س کے بعد بیس سے زائد آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔ یو ایس جی ایس کے تاریخی اعداد و شمار کے مطابق، یہ دوسرا زلزلہ ایک صدی سے زائد عرصے میں خطے میں آنے والا سب سے طاقتور زلزلہ تھا۔
ملک کی نگران صدر ڈیلسی روڈریگیز نے ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے کراچس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو شدید نقصان کے باعث بند کرنے کا حکم دیا۔ وزیر داخلہ دیوسدادو کابیلو نے بتایا کہ دارالحکومت میں متعدد عمارتیں منہدم ہو گئی ہیں اور گیس کی سپلائی منقطع کر دی گئی ہے تاکہ کسی حادثے سے بچا جا سکے۔
کراچس میں خوف و ہراس کے مناظر دیکھنے میں آئے جہاں شہری زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کرتے ہی عمارتوں سے باہر سڑکوں پر نکل آئے۔ 42 سالہ تاجر ہیڈی رومیرو نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا: یہ ناقابل یقین تھا، مجھے نہیں معلوم یہ کتنی دیر تک جاری رہا۔ میں سب سے اوپری منزل پر تھی اور بہت سی چیزیں نیچے گر گئیں۔
بینک ملازمہ 54 سالہ اوڈالیس ایسکالونا نے بتایا: پوری دیوار میں دراڑیں پڑ گئیں، چھت سے چیزیں گریں۔ یہ ہولناک تھا۔
بین الاقوامی برادری کی فوری امداد
اس تباہی کے بعد عالمی برادری نے فوری طور پر مدد کی پیشکش کی ہے۔ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے جمعرات کو اعلان کیا کہ وہ 85 ماہر امدادی کارکنوں پر مشتمل ایک ٹیم فوری طور پر ملبہ ہٹانے اور امدادی کارروائیوں کے لیےینزویلا بھیج رہے ہیں۔ انہوں نے نگران صدر روڈریگیز سے ٹیلی فونک گفتگو میں فرانس کی یکجہتی کا اظہار کیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ امریکہ وینزویلا کی مدد کے لیے تیار، رضامند اور قابل ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے بتایا کہ محکمہ خارجہ فوری طور پر امدادی ٹیمیں، طبی ساز و سامان اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد وینزویلا بھیج رہا ہے۔ یہ امریکی اقدام دونوں ممالک کے درمیان برسوں کی کشیدگی کے بعد تعلقات کی بحالی کے تناظر میں ایک اہم سفارتی پیش رفت ہے۔
زلزلے کے شدید جھٹکے ایک ہزار کلومیٹر دور کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا میں بھی محسوس کیے گئے۔ حکام نے متنبہ کیا ہے کہ کراچس کے قریب متاثرہ علاقوں میں ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے، جہاں امدادی ٹیمیں ملبے تلے دبے افراد تک پہنچنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
