بہاولپور کے حلقہ NA-168 میں ضمنی انتخاب آج (اتوار) کو ہوگا، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ یہ نشست مسلم لیگ نون کے رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
اہم امیدوار
ضمنی انتخاب میں ملک منیر اقبال چنڑ اپنے والد کی خالی نشست پر مسلم لیگ نون کے امیدوار کے طور پر میدان میں ہیں، جبکہ سابق وفاقی وزیر چوہدری طارق بشیر چیمہ کے صاحبزادے ولی داد چیمہ بھی آزاد امیدوار کے طور پر انتخابی معرکے میں شامل ہیں۔ حلقے میں مجموعی طور پر 20 امیدوار انتخابی مقابلے میں حصہ لے رہے ہیں۔
ووٹرز کی تفصیلات
NA-168 میں 483,143 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 248,529 مرد اور 234,614 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
پولنگ اسٹیشنز اور بوتھ
- کل 292 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں
- 130 مردوں کے لیے، 130 خواتین کے لیے اور 32 مشترکہ پولنگ اسٹیشن
- انتخاب کے لیے مجموعی طور پر 896 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں
سیکیورٹی انتظامات
ضمنی انتخاب کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ 3,000 سے زائد پولیس اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دیں گے، جبکہ پاکستان آرمی اور رینجرز کی ایک ایک کمپنی ریزرو میں رہے گی۔
پولنگ کا وقت
پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوگی اور بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ NA-168 حلقے کی کل آبادی 937,095 ہے۔
