فرانس کے جنوب مشرقی محکموں میں شدید بارشوں کے بعد پیدا ہونے والے سیلاب نے عام زندگی کو مفلوج کر دیا ہے۔ گارڈ اور ایرو محکموں میں گزشتہ رات سے جاری موسلا دھار بارشوں کے باعث اے نائن موٹروے کا ایک حصہ دونوں طرف سے بند کر دیا گیا ہے، جبکہ لونیل شہر کی متعدد سڑکیں پانی میں ڈوب گئی ہیں۔
اے نائن موٹروے پر ٹریفک معطل
فرانسیسی ذرائع ابلاغ کے مطابق گارڈ محکمے میں نیم سے گالارگ ایگ تک تقریباً دس کلومیٹر طویل موٹروے روڈ پر سیلابی پانی جمع ہونے کے سبب دونوں سمتوں میں ٹریفک مکمل طور پر بند ہے۔ حکام نے مسافروں کو متبادل راستوں کے استعمال کی ہدایت کی ہے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کی ہے۔
لونیل میں سیلابی ریلوں، شہریوں کو انتباہ
ایرو محکمے کے شہر لونیل میں اب بھی کئی سڑکیں پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں۔ شہریوں کے موبائل فون پر ایمرجنسی الرٹ بھیجا گیا اور انہیں محفوظ مقامات پر رہنے کی تلقین کی گئی۔ بلدیاتی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ رات کل سولہ افراد کو شہر کے ایک ہال میں پناہ دی گئی۔
چار محکمے اورنج الرٹ کی زد میں
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ اس وقت چار محکمے اورنج الرٹ کی زد میں ہیں۔
- کورسیکا جنوبی اور بالائی کورسیکا: سیلاب کے خطرے کے پیش نظر اورنج الرٹ
- وار: شدید بارش، سیلاب اور طوفانی گرج چمک کے باعث اورنج الرٹ
- گارڈ: دریاؤں میں طغیانی کے خطرے کے سبب اورنج الرٹ
واضح رہے کہ آرڈیش، ووکلوز اور بوش دی رون محکموں میں اورنج الرٹ مقررہ وقت سے پہلے ہی واپس لے لیا گیا تھا۔
متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری
گارڈ محکمے کے علاقوں سین لوران دیگوز، ایمارگ، ووور اور ایگ مورٹ سمیت متعدد قصبوں میں بھی شدید سیلاب کی اطلاعات ہیں۔ حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سیلابی سڑکوں پر گاڑی نہ چلائیں، دریاؤں اور ندی نالوں سے دور رہیں اور زیرِ زمین پارکنگ اور گزروں میں نہ اتریں۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں تعینات کر دی گئی ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔
