اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے ضلعی انتظامیہ کو حکم دیا ہے کہ لکی مروت کے رہائشی حماد اللہ کو پانچ روز کے اندر اسلام آباد کا ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے، بصورت دیگر ڈپٹی کمشنر کو ذاتی طور پر عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔
ایک سال انتظار پر چیف جسٹس کا سوال
ڈان نیوز کے مطابق یہ حکم شہری کی جانب سے اسلام آباد کا ڈومیسائل سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے دائر کردہ درخواست کی سماعت کے دوران دیا گیا۔ عدالت نے ضلعی انتظامیہ کی اس کارروائی پر شدید ناراضی کا اظہار کیا کہ ڈپٹی کمشنر کے دفتر کی نمائندگی کے لیے کسی سینئر افسر کے بجائے ایک ایل ڈی سی بھیجا گیا۔
سماعت کے دوران کلرک نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار کے سابقہ ضلع سے این او سی حاصل کرنے کے ایک سال بعد ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری کیا جاتا ہے۔
جونیئر ملازم بھیجنے پر برہمی
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے کلرک سے ان کا عہدہ پوچھا اور استفسار کیا کہ ضلعی انتظامیہ کی نمائندگی کے لیے جونیئر ملازم کیوں بھیجا گیا۔ انہوں نے اپنی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نہ ڈپٹی کمشنر عدالت میں پیش ہوئے، نہ سپرنٹنڈنٹ اور نہ ہی اسسٹنٹ کمشنر۔
چیف جسٹس نے این او سی جاری ہونے کے بعد شہری کو ایک سال انتظار میں رکھنے کی وجہ پر بھی سوال اٹھایا اور انتظامیہ کو ہدایت دی کہ ڈومیسائل کا عمل پانچ روز کے اندر مکمل کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر کی طلبی کی وارننگ
عدالت نے مزید وارننگ دی کہ اگر مقررہ مدت کے اندر ڈومیسائل سرٹیفکیٹ جاری نہ کیا گیا تو ڈپٹی کمشنر کو ذاتی طور پر عدالت کے سامنے پیش ہونا ہوگا۔
ہدایات جاری کرنے کے بعد اسلام آباد ہائی کورٹ نے مزید سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی ہے۔
