پیرس کے معروف شاپنگ اسٹور گیلری لافائیٹ میں ہر سال کی طرح اس بار بھی کرسمس کے موقع پر ایک شاندار درخت کی نمائش کی جا رہی ہے، تاہم اس بار یہ درخت اپنی غیر روایتی طرزِ تعمیر کی وجہ سے سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بن رہا ہے۔ 1976 سے جاری اس روایت کے تحت اسٹور نے 2026 کے لیے اپنی ونڈوز اور مرکزی درخت کی ذمہ داری مشہور فرانسیسی ڈیزائنر ژاں شارل دے کاسٹل باجاک کے سپرد کی ہے۔
افتتاح سے قبل ہی تنقید کا آغاز
گیلری لافائیٹ کے گنبد کے نیچے نصب کیا جانے والا یہ عظیم الشان درخت 12 نومبر کو شام چھ بجے باضابطہ طور پر افتتاح کیا جائے گا، لیکن اس کی تنصیب مکمل ہونے سے پہلے ہی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔ کئی صارفین کا کہنا ہے کہ یہ ڈیزائن “کرسمس کے جادوئی جذبے کے منافی” ہے۔
تنقید کی بنیادی وجہ درخت کا اسکولی بچوں کے کاغذ کاٹنے کے فن جیسا ڈیزائن، گتے نما انداز اور کاسٹل باجاک کے مخصوص “فیلس ٹِپ” رنگ ہیں۔ ناقدین میں انتہائی دائیں بازو کے کارکن بھی شامل ہیں جو گیلری لافائیٹ پر “ووک ازم” کا الزام عائد کر رہے ہیں۔
ڈیزائنر کا مؤقف
دوسری جانب ژاں شارل دے کاسٹل باجاک نے اپنے درخت کے حوالے سے کسی سیاسی مقصد کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے دستی فنون کو نمایاں کرنے اور ایسا ماحول تخلیق کرنے کی کوشش کی ہے جس سے لوگ اپنے بچپن کے جذبے سے دوبارہ جڑ سکیں۔
سالانہ کشش کا مرکز
تنقید ہو یا تعریف، یہ درخت روشنیوں کے کھیل اور ولادیمیر کوشمار کے تیار کردہ موسیقی کے ساتھ ہر سال کی طرح بلیوار ہاسمین پر لوگوں کی توجہ کا مرکز رہے گا۔ اسی طرح اسٹور کی متحرک اور رنگ برنگی ونڈوز بھی 25 دسمبر تک دن بھر ہزاروں لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی رہیں گی۔
گذشتہ برسوں کے تنازعات
واضح رہے کہ گیلری لافائیٹ کو اس سے قبل بھی اس نوعیت کے تنازعات کا سامنا رہا ہے۔ گزشتہ برس کم کارداشیان کے برانڈ کا 188 یورو مالیت کا ایڈونٹ کیلنڈر تنقید کا نشانہ بنا تھا، جبکہ دیور کی ایک اشتہاری مہم بھی مصنوعی ذہانت کے استعمال کے حوالے سے بحث کا موضوع رہی۔
