اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف حصوں میں متوقع موسمی حالات کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب میں بارش کی پیش گوئی
الرٹ کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، پنجاب اور پوٹھوہار کے علاقے میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ پوٹھوہار کے بعض مقامات، مری اور گلیات میں تیز بارش کا امکان ہے۔
نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، خانewال، فیصل آباد، ملتان، کوٹ ادو اور بہاولپور اور ان سے ملحقہ علاقوں میں رات کے اوقات میں دھند اور اسموگ کی توقع ہے۔
خیبر پختونخوا میں بارش اور آندھی
خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں بشمول دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، مہمند، کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور صوابی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، لکی مروت، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان کے مختلف مقامات پر بھی بارش اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے حالات
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بیشتر علاقوں میں زیادہ تر ابر آلود آسمان، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
پہاڑی علاقوں میں برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
این ڈی ایم اے کے مطابق خیبر پختونخوا کے بالائی اور میدانی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ بالائی اضلاع بشمول دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں تیز بارش متوقع ہے۔
پہاڑی علاقوں میں برفباری اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کے پھسلنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
احتیاطی تدابیر کی ہدایات
این ڈی ایم اے نے پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
- ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ، سڑکوں کی صورتحال اور دیگر موسمی خطرات کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
- موسمی حالات سے متعلق مستند معلومات اور تازہ ترین الرٹس کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی حاصل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
