واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے سینئر حکام اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ آیا وزارتِ تجارت کے سیکرٹری ہاورڈ لٹنک کو ان کے عہدے سے ہٹایا جائے یا نہیں، کیونکہ اینویڈیا کے سابق چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کے گرد جاسوسی کے مبینہ اسکینڈل اور چین کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) چپس کی برآمدات سے متعلق خدشات نے شدت اختیار کر لی ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق دو ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں لٹنک کے مستقبل پر بات چیت ہوئی۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب قانون سازوں کی ایک بڑھتی ہوئی تعداد نے حکومت کی اس پالیسی پر تنقید کی ہے جس کے تحت درجنوں چینی کمپنیوں کو امریکی تجارتی بلیک لسٹ میں شامل کرنے سے گریز کیا گیا۔
تنقید کی وجوہات کیا ہیں؟
ناقدین کا کہنا ہے کہ وزارتِ تجارت نے اینویڈیا کی چین کو برآمدات کی مناسب نگرانی نہیں کی اور نہ ہی قومی سلامتی کے لیے خطرہ سمجھی جانے والی چینی کمپنیوں کے خلاف فوری کارروائی کی۔ رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے چینی اے آئی اسٹارٹ اپ ڈیپ سیک، میموری چپ بنانے والی کمپنی سی ایکس ایم ٹی اور دیگر سو سے زائد کمپنیوں کو تجارتی بلیک لسٹ میں شامل کرنے سے گریز کیا۔
امریکہ نے اکتوبر 2025 کے بعد سے اس فہرست میں کوئی نیا نام شامل نہیں کیا، جو ایک دہائی سے زیادہ عرصے میں نئی اندراجات کے درمیان طویل ترین وقفہ ہے۔ ذرائع کے مطابق واشنگٹن نے بیجنگ کے ساتھ کشیدگی بڑھنے کے خدشے کے پیش نظر نئی چینی کمپنیوں کو فہرست میں شامل نہیں کیا۔
جینسن ہوانگ کے استعفے نے صورتحال کو پیچیدہ بنا دیا
جینسن ہوانگ نے جمعرات کو اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔ ان کے استعفے کی وجہ ایلس ہوانگ کے ساتھ مبینہ تعلقات بتائے جاتے ہیں، جنہیں امریکی حکام بیجنگ کے لیے جاسوسی کے شبے میں دیکھتے ہیں۔ ایلس ہوانگ سنگاپور کی کمپنی میگا اسپیڈ کی ایگزیکٹو ہیں، جس نے جون 2024 سے اب تک اینویڈیا کی جدید اے آئی چپس میں 4.8 ارب ڈالر سے زیادہ کی خریداری کی ہے۔
لٹنک پر تنقید ہوانگ کے استعفے سے پہلے ہی شروع ہو چکی تھی، لیکن چین کو اے آئی چپس کی برآمدات کو محدود کرنے میں ناکامی کے الزامات نے ان کے عہدے پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ البتہ وائٹ ہاؤس کے ایک اہلکار نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو سیکرٹری لٹنک اور ان کی صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔
کانگریس میں تحقیقات کے مطالبے
ریپبلکن سینیٹر جان کینیڈی نے سی این این سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابھی یقین سے نہیں کہہ سکتے کہ لٹنک کو عہدے سے ہٹایا جانا چاہیے یا نہیں، تاہم انہوں نے زور دیا کہ سیکرٹری کو جلد کانگریس کے سامنے پیش ہو کر وضاحت دینی چاہیے۔ انہوں نے معاملے کو انتہائی سنگین قرار دیا۔
ڈیموکریٹ سینیٹر الزبتھ وارن نے کہا کہ لٹنک اور انڈر سیکرٹری جیفری کیسلر کو بتانا ہوگا کہ برآمدی کنٹرول کے سوراخ کیوں بند نہیں کیے گئے، اور آج ہی ایسے اقدامات کیے جائیں تاکہ امریکی جدید ٹیکنالوجی چین کی فوجی صلاحیتوں کو تقویت نہ پہنچائے۔
سینیٹ کی بینکنگ کمیٹی کی آئندہ چیئرپرسن وارن اور سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کے آئندہ چیئرمین کرس کونز نے لٹنک، وزیرِ خارجہ مارکو روبیو اور وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملر کو خط لکھ کر کہا کہ چین کو جدید اے آئی چپس کی برآمدات اور متعلقہ قومی سلامتی خطرات سے جڑی تمام دستاویزات محفوظ رکھی جائیں۔
اینویڈیا کی فروخت پر سوالات
سینیٹر رون وائیڈن اور نمائندہ رچرڈ نیل نے بھی لٹنک کو خط لکھا، جس میں چینی کمپنیوں کو اینویڈیا کی جدید اے آئی چپس کی فروخت کی منظوری کی تحقیقات کا اعلان کیا گیا۔ قانون سازوں نے دسمبر 2025 میں اینویڈیا کو چین کو ایچ 200 چپس فروخت کرنے کی اجازت دینے کے فیصلے پر بھی سوال اٹھایا، جس کے تحت برآمدی فروخت کا ایک حصہ حکومت کو دیا جانا تھا۔ انہوں نے اسے غیر آئینی برآمدی ٹیکس قرار دیا۔
فلوریڈا سے ریپبلکن نمائندہ برائن ماسٹ نے کہا کہ کانگریس کو چپ برآمدات کی منظوری کے عمل میں وزارتِ تجارت کے کردار کی تحقیقات کرنی چاہیے، تاہم انہوں نے لٹنک پر اعتماد کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ لٹنک وال اسٹریٹ کے تجربہ کار تاجر ہیں اور تین دہائیوں سے ٹرمپ کے دوست رہے ہیں۔ وہ 2008 میں ٹرمپ کے ریئلٹی شو دی اپرنٹس میں مہمان بھی رہ چکے ہیں۔ ادھر سینیٹ کی انٹیلیجنس کمیٹی کے ریپبلکن چیئرمین ٹام کوٹن نے لٹنک پر زور دیا کہ وہ سی ایکس ایم ٹی کو امریکی مارکیٹ سے روکیں اور اسے امریکی ٹیکنالوجی تک رسائی نہ دیں۔
