اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے علاقائی ترقی کے فروغ کے لیے تنازعات کے حل پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور معاشی مواقعوں کو بروئے کار لانے کے لیے رکن ممالک کے درمیان مضبوط تعاون ناگزیر ہے۔
پیر کے روز اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی 30ویں کونسل آف منسٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے شرکت کنندہ وفود کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان رکن ممالک کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ خطے کے ممالک کو مشترکہ چیلنجز پر قابو پانے کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔
تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر زور
ڈار نے کہا کہ پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا چاہتا ہے اور باہمی تعاون سے ترقی کے نئے راستے کھلیں گے۔ انہوں نے پورے خطے میں معاشی ترقی کے حصول کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ تنازعات کا حل مکالمے کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کے پیش نظر علاقائی رابطوں کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسائل کو مکالمے اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ ڈار نے علاقائی تعاون کی بحالی کو سابقہ کوششوں کا تسلسل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ خطے کے چیلنجز اور مستقبل کے مواقع دونوں کی عکاسی کرتا ہے۔
جغرافیائی غیر یقینی اور معاشی دباؤ
انہوں نے کہا کہ جغرافیائی غیر یقینی صورتحال، معاشی دباؤ اور تیز رفتار تکنیکی تبدیلیوں کے دوران علاقائی تعاون کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے۔ رکن ممالک کو درپیش بہت سے چیلنجز قومی سرحدوں سے آگے تک پھیلے ہوئے ہیں جن کے لیے قریبی رابطہ کاری اور اجتماعی اقدام ضروری ہے۔
ڈار نے کہا کہ علاقائی تعاون کی بحالی کے لیے از سرِ نو آغاز کی ضرورت نہیں بلکہ موجودہ بنیادوں کو مضبوط کرنا اور سابقہ وعدوں کو نئی عزم کے ساتھ آگے بڑھانا ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ علاقائی تعاون کو زیادہ مؤثر اور عوامی ضروریات کے مطابق بنانا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے کی طاقت صرف چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت میں نہیں بلکہ ان سے پیشگی نمٹنے کی تیاری میں بھی مضمر ہے۔ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مضبوط شراکت داریاں قائم کرنا بھی اتنا ہی اہم ہے۔
نائب وزیراعظم نے بتایا کہ سال کے دوران ای سی او فریم ورک کے تحت منعقد ہونے والے وزارتی اور شعبہ جاتی اجلاسوں نے کلیدی شعبوں میں تعاون کا تسلسل برقرار رکھنے میں مدد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نومبر 2025 میں ای سی او کے تجارتی وزراء کی جانب سے منظور شدہ روڈ میپ علاقائی تجارتی انتظامات کو آگے بڑھانے کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ستمبر میں نیویارک میں منعقدہ ای سی او کونسل کے غیر رسمی اجلاس نے گہری معاشی انضمام اور رابطوں سے متعلق رکن ممالک کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔ ڈار کے مطابق 2026-2035 کے لیے اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف کو حتمی شکل دینے سے مستقبل کی کوششوں کی سمت متعین ہوئی ہے۔
پاکستان کی پانچ ترجیحات
اسحاق ڈار نے اعلان کیا کہ پاکستان اپنی ای سی او چیئرمین شپ 2026-27 کے دوران پانچ ترجیحات پر توجہ مرکوز کرے گا:
- تجارت اور سرمایہ کاری کا فروغ: پاکستان علاقائی منڈیوں تک بہتر رسائی، مضبوط ویلیو چینز اور نجی شعبے کی زیادہ شمولیت کی حمایت کرے گا، خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی شمولیت پر توجہ دی جائے گی۔
- علاقائی رابطے: وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور بحیرہ عرب پر واقع پاکستانی بندرگاہوں کے درمیان ٹرانسپورٹ اور ٹرانزٹ روابط بہتر بنائے جائیں گے۔ کسٹم طریقہ کار میں ہم آہنگی، سرحدی انتظام اور قابلِ اعتماد ٹرانزٹ نظام مؤثر تجارتی راستوں کے لیے ضروری ہیں۔
- ای سی او تجارتی معاہدہ: نومبر 2025 میں منظور شدہ مذاکراتی حکمت عملی اور روڈ میپ کی بنیاد پر معاہدے کو جدید بنایا جائے گا تاکہ مؤثر، جامع اور ڈیجیٹل طور پر فعال علاقائی تجارتی نظام قائم ہو سکے۔
- علاقائی استحکام: موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات اور پانی و توانائی کے بڑھتے دباؤ کے پیش نظر آفات سے نمٹنے کی تیاری، ابتدائی انتباہی نظام، پائیدار پانی کے انتظام اور موسمیاتی طور پر مضبوط انفراسٹرکچر میں تعاون بڑھایا جائے گا۔
- عوام اور انسانی وسائل میں سرمایہ کاری: خطے کی نوجوان آبادی کو تعلیم، تحقیق، جدت اور فنی تربیت کے بہتر مواقع فراہم کر کے بدلتی معیشتوں کے لیے ضروری مہارتوں سے لیس کیا جائے گا۔
ڈار نے وضاحت کی کہ یہ پانچ ترجیحات ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔ مضبوط علاقائی رابطے تجارت کو فروغ دیتے ہیں جبکہ سرمایہ کاری میں اضافہ معاشی مواقع پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان ترجیحات کی کامیابی رکن ممالک کی اجتماعی کوششوں پر منحصر ہے۔
افغانستان کے حوالے سے موقف
افغانستان کا ذکر کرتے ہوئے نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان چاہتا ہے جو ای سی او فریم ورک میں مکمل طور پر شامل ہو اور اپنے اندر اور تمام ہمسایوں کے ساتھ امن میں رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نتیجہ نہ صرف افغان عوام بلکہ پورے خطے کے لیے فائدہ مند ہوگا اور تجارت، ٹرانزٹ اور معاشی تعاون کے اہم راستے کھل جائیں گے۔
تاہم ڈار نے زور دیا کہ علاقائی تعاون کی جانب بامعنی پیش رفت کے لیے ضروری ہے کہ افغان حکام ہمسایہ ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات، خصوصاً دہشت گردی کے خطرے، کا ازالہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ محفوظ اور مستحکم ماحول پائیدار علاقائی معاشی شراکت داریوں کے لیے ناگزیر ہے اور یہ امور پاکستان کے وسیع تر رابطہ کاری ایجنڈے کا مرکز ہیں۔
اسلام آباد کمیونیکے کی تیاری
دریں اثنا، ای سی او رکن ممالک کے سینئر حکام نے تنظیم کی 30ویں کونسل آف منسٹرز کے اجلاس سے قبل ایجنڈا اور اسلام آباد کمیونیکے کے مسودے کو حتمی شکل دے دی۔ وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق سینئر حکام کا اجلاس 15 نومبر کو سیکرٹری خارجہ سفیر عاصم افتخار احمد کی صدارت میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ای سی او رکن ممالک کے سینئر حکام، سیکرٹریٹ کے نمائندوں اور تنظیم کی خصوصی ایجنسیوں اور علاقائی اداروں کے وفود نے شرکت کی۔ شرکاء نے وزارتی اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا اور وزرائے خارجہ کے غور کے لیے ایجنڈا اور اسلام آباد کمیونیکے کا مسودہ حتمی شکل دیا۔
انہوں نے سال کے دوران ای سی او سیکرٹریٹ کی سرگرمیوں، جاری پروگراموں، شعبہ جاتی وزارتی اجلاسوں کے نتائج اور ذیلی اداروں کے کام کا بھی جائزہ لیا۔ اجلاس میں تنظیم کے انتظامی و مالی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور شرکاء نے اس کی کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات پر رائے کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اس وقت 2026-27 کے لیے ای سی او کی چیئرمین شپ کے فرائض سنبھالے ہوئے ہے، جس کا موضوع “Reviving Regionalism for a Resilient ECO” ہے۔ تنظیم کے 10 رکن ممالک میں پاکستان، افغانستان، آذربائیجان، تاجکستان، ایران، ترکیہ، قازقستان، ترکمانستان، کرغیز جمہوریہ اور ازبکستان شامل ہیں۔
