امریکی ریپر جے زیڈ سپر باؤل 2027 کے ہاف ٹائم شو میں اپنی پہلی پرفارمنس پیش کریں گے، اور اطلاعات کے مطابق یہ شو انتہائی شاندار ہوگا جس میں متعدد نامور فنکار ان کے ساتھ اسٹیج پر نظر آئیں گے۔
ایلیشیا کیز کے ساتھ ’ایمپائر اسٹیٹ آف مائنڈ‘ کی توقع
تفصیلات کے مطابق جے زیڈ کے ساتھ اسٹیج پر سب سے زیادہ امکان گلوکارہ ایلیشیا کیز کے ہونے کا ہے۔ دونوں فنکاروں نے 2009 میں مشہور گانا ’ایمپائر اسٹیٹ آف مائنڈ‘ پیش کیا تھا جو آج تک نیویارک شہر کا غیر رسمی ترانہ سمجھا جاتا ہے۔ اس گانے کی مقبولیت کے پیش نظر اسٹیج پر ان دونوں کی جوڑی ناظرین کے لیے شو کا اہم ترین لمحہ ثابت ہو سکتی ہے۔
جان لیجنڈ کی شرکت کا بھی امکان
رپورٹس کے مطابق امریکی موسیقی کی دنیا کی ایک اور معروف شخصیت جان لیجنڈ بھی اس شو کا حصہ بن سکتے ہیں۔ جان لیجنڈ اپنے عالمی شہرت یافتہ گانے ’آل آف می‘ کے لیے جانے جاتے ہیں اور انہوں نے 2000 کی دہائی میں جے زیڈ کے ساتھ متعدد بار تعاون کیا ہے، جن میں حالیہ برسوں میں 2022 کا گانا ’گاڈ ڈِڈ‘ بھی شامل ہے۔
بیونسے، ریاہنا اور عشر کے نام بھی زیرِ غور
سپر باؤل شو میں ممکنہ مہمان فنکاروں کی فہرست میں کئی بڑے نام سامنے آ رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ریاہنا، عشر، فیرل ولیمز، سوز بیٹز، ناس اور بیونسے جیسے فنکاروں کے نام بھی غور کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں۔ ان تمام فنکاروں نے جے زیڈ کے حالیہ دورے میں ان کے ساتھ پرفارم کیا تھا، اس لیے ان کی شرکت کو محض افواہ نہیں کہا جا سکتا۔
روک نیشن 2020 سے شو کی منتظم
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع ہوگا جب جے زیڈ خود سپر باؤل کے روایتی ہاف ٹائم شو میں پرفارم کریں گے، حالانکہ ان کی پروڈکشن کمپنی روک نیشن 2020 سے اس ایونٹ کی منتظم رہی ہے۔ ان کی شرکت کا اعلان اکتوبر کے آخر میں کیا گیا تھا۔
نیشنل فٹ بال لیگ (این ایف ایل) کے سربراہ راجر گوڈل نے اعلان کے موقع پر کہا تھا کہ روک نیشن کے ساتھ پہلے معاہدے کے وقت ان کی واحد خواہش یہ تھی کہ جے زیڈ خود بھی کسی دن اسٹیج پر پرفارم کریں، اور یہ خواہش اب 2027 میں پوری ہو رہی ہے۔
سپر باؤل کا ہاف ٹائم شو ہر سال کروڑوں ناظرین دیکھتے ہیں اور یہ امریکی تفریحی دنیا کے سب سے بڑے ایونٹس میں شمار ہوتا ہے۔ گزشتہ سال یہ شو باد بنی نے پیش کیا تھا، جبکہ 2027 میں یہ ذمہ داری جے زیڈ کے کندھوں پر ہوگی۔
