راولپنڈی: ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) نے آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ 2026 میں شریک طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی انٹرایکٹو سیشن کیا، جس میں قومی سلامتی، دہشت گردی اور سوشل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
سیشن کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے طلبہ کے سوالات کے مدلل اور جامع جوابات دیے، جن میں قومی سلامتی اور معلوماتی آگاہی سے جڑے متعدد امور پر روشنی ڈالی گئی۔ شرکاء نے بتایا کہ اس سیشن نے غلط معلومات، ڈس انفارمیشن، پروپیگنڈے اور غیر مصدقہ خبروں کی شناخت اور ان سے بچنے کے حوالے سے موثر رہنمائی فراہم کی۔
طلبہ کے تحفظات اور غلط فہمیوں کا ازالہ
طلبہ کا کہنا تھا کہ اس جامع اور معلوماتی مکالمے نے قومی سلامتی کے معاملات پر پائی جانے والی متعدد غلط فہمیوں اور ابہام کو دور کرنے میں مدد دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی صورتحال، بھارتی پروپیگنڈے اور پاکستان کے مؤقف پر تفصیلی بریفنگز نے انہیں زمینی حقائق کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع دیا۔
طلبہ نے اس بات پر زور دیا کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج پر ڈی جی آئی ایس پی آر کے حقائق پر مبنی مؤقف نے ان کے خدشات کو دور کیا اور موجودہ کنفیوژن کو ختم کیا۔
6000 سے زائد طلبہ کی ملک گیر شرکت
سمر انٹرن شپ 2026 کے شرکاء نے درست معلومات کو فروغ دینے اور ریاست مخالف پروپیگنڈے کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ واضح رہے کہ آئی ایس پی آر سمر انٹرن شپ 2026 میں ملک بھر سے 6,000 سے زائد طلبہ شریک ہیں، جس کا انعقاد ملک کے 21 مختلف مراکز پر کیا جا رہا ہے۔
