ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملوں پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان حملوں میں متعدد کمانڈرز اور سائنسدان شہید ہوئے ہیں اور اسرائیل کو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔ آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا کہ صہیونی ریاست نے آج صبح ہمارے ملک پر وحشیانہ حملہ کیا، جس کے ذریعے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا اور ان کی فطرت کو مزید بے نقاب کیا گیا۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے تین مختلف ملٹری سائٹس کو نشانہ بنایا گیا، جن میں ہمارے کئی اہم کمانڈرز اور سائنسدان شہید ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج اس حملے کا بھرپور جواب دیں گی اور اسرائیل کو اس کی سزا بھگتنی پڑے گی۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف باقاعدہ جنگ کا آغاز کرتے ہوئے فضائی حملوں میں جوہری اور فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ ان حملوں میں پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی اور کئی جوہری سائنسدان بھی شہید ہو گئے ہیں۔ اسرائیل کی جانب سے کیے گئے ان حملوں نے خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا دیا ہے۔ ایرانی افواج نے واضح کیا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ ساتھ امریکا کو بھی اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
امریکی صدر نے بیان دیا کہ انہیں ایرانی حملے کی معلومات تھیں، تاہم اس میں امریکا کا کوئی کردار نہیں ہے۔ اس صورتحال نے بین الاقوامی سطح پر بھی تشویش پیدا کر دی ہے اور کئی ممالک نے اس معاملے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
