لاہور: پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز کی صاحبزادی مہ نور صفدر کی نکاح کی تقریب جاتی امرا میں منعقد ہوئی، جس میں صرف خاندان کے قریبی افراد اور اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔
تقریب میں کون کون شریک ہوا؟
نکاح کی تقریب مکمل طور پر نجی اور خاندانی نوعیت کی تھی، جس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، حسن نواز اور حسین نواز سمیت شریف خاندان کے دیگر افراد اور قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب بھی موجود تھیں۔
دولہا کا تعلق کس خاندان سے ہے؟
خاندانی ذرائع کے مطابق مہ نور صفدر کے شوہر اذان جبار کا تعلق ایک ممتاز کاروباری گھرانے سے ہے۔ ان کے والد جبار خالد ایک معروف صنعت کار ہیں، جبکہ ان کا خاندان آٹے کی چکیوں کی صنعت سے وابستہ ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز
دوسری جانب نکاح کی تقریب کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ ایک ویڈیو میں مہ نور صفدر دلہن کے روپ میں نظر آ رہی ہیں، جبکہ ایک اور ویڈیو میں وزیراعظم شہباز شریف کو نواز شریف اور دیگر اہل خانہ کو تقریب مقام تک خود گاڑی میں لے کر جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
اعلیٰ تعلیم کی تکمیل کے بعد وطن واپسی
واضح رہے کہ مہ نور صفدر حال ہی میں لندن کی سواس یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم اور گریجویشن مکمل کرنے کے بعد پاکستان واپس آئی ہیں۔ مریم نواز اپنی صاحبزادی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن بھی گئی تھیں۔
لندن میں بیٹی کی گریجویشن کے موقع پر مریم نواز نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے ان کے تینوں بچوں نے اعلیٰ تعلیم مکمل کر لی ہے۔
