ریاض: سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے نے عمرہ زائرین اور ورکرز کے لیے ایک اہم مشاورتی پیغام جاری کیا ہے جس میں انہیں سعودی قوانین کی سختی سے پابندی کرنے اور بھیک مانگنے سمیت کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے باز رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سفارت خانے نے اپنے آفیشل ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ کے ذریعے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں پاکستانی شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ویزوں کی شرائط کی تعمیل کریں، مقررہ مدت سے زیادہ قیام سے گریز کریں اور ایسی کسی بھی سرگرمی میں ملوث نہ ہوں جو سعودی قوانین کی خلاف ورزی کا باعث بنے۔
قانون شکنی کے سنگین نتائج سے خبردار
ویڈیو پیغام میں واضح کیا گیا ہے کہ مقامی قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں گرفتاری، تفتیش، حراست اور ملک بدری جیسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سفارت خانے نے خاص طور پر پاکستانی زائرین اور ورکرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے قیام کے دوران بھیک مانگنے سے پرہیز کریں اور ذمہ دارانہ رویہ اپنائیں۔
مقدس مقامات کے احترام کی تاکید
عمرہ زائرین کو مزید ہدایت کی گئی کہ وہ مقدس مقامات کا بھرپور احترام کریں اور سعودی عرب کے تمام قوانین و ضوابط کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ سفارت خانے کا یہ پیغام سوشل میڈیا پر ان واقعات کے ردعمل کے تناظر میں سامنے آیا ہے جن میں پاکستانی شہریوں کے سعودی عرب میں بھیک مانگنے کے حوالے سے تشویش اور مایوسی کا اظہار کیا گیا تھا۔
سفارت خانے نے اس بات پر زور دیا کہ زائرین اپنے رویے پر نظر رکھیں اور ایسے کسی بھی اقدام سے گریز کریں جو قانونی پیچیدگیوں کا باعث بن سکتا ہو۔
