پاور ڈویژن کی جانب سے دو میٹرز کی تنصیب پر پابندی کی خبروں کی تردید

پاور ڈویژن نے حالیہ زیر گردش خبروں کے حوالے سے وضاحت جاری کی ہے کہ بجلی کے دو میٹرز کی تنصیب پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ہے۔ ترجمان پاور ڈویژن نے ان خبروں کو سراسر بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی اطلاعات کا مقصد عوام میں بے چینی پیدا کرنا ہے۔

ترجمان کے مطابق، بجلی کے دو میٹرز کی تنصیب پر کوئی نئی پابندی عائد نہیں کی گئی ہے، اور رہائشی مقامات پر دوسرا میٹر مروجہ قوانین کے تحت حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ایسی جگہوں پر جہاں علیحدہ پورشن، سرکٹ، داخلی راستہ اور کچن موجود ہو، وہاں علیحدہ میٹر کی تنصیب کی اجازت ہے۔

پاور ڈویژن نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی کے میٹرز کے درست اور شفاف استعمال میں متعلقہ تقسیم کار کمپنیوں کے ساتھ تعاون کریں۔ مزید یہ کہ بجلی کے ناجائز استعمال اور سبسڈی کے غلط فائدے کو روکنے کے لیے پہلے سے موجود قوانین پوری طرح نافذ العمل ہیں۔

پاور ڈویژن کے ترجمان نے اس بات پر زور دیا کہ جھوٹی خبریں پھیلانا اور شیئر کرنا سائبر کرائم کے پیکا ایکٹ کے تحت قابل سزا جرم ہے، اور ایسے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسی گمراہ کن خبروں پر یقین نہ کریں اور معلومات کی تصدیق کے لیے سرکاری ذرائع پر اعتماد کریں۔