اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی چیئرمین عمران خان کی ہسپتال منتقلی سے متعلق عدالتی حکم کی مبینہ خلاف ورزی پر سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی ہے۔
درخواست میں سپریم کورٹ کے 18 اگست 2026 کے حکم کی مبینہ خلاف ورزی پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ پی ٹی آئی نے عدالت عظمیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ جواب دہندگان اور توہین عدالت کے مرتکب افراد کو شوکاز نوٹسز جاری کیے جائیں اور انہیں ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کی جائے۔
فوری طبی معائنے اور عدالتی نگرانی کا مطالبہ
جماعت نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ جواب دہندگان کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دے کر قانون کے مطابق سزا دی جائے۔ اس کے علاوہ درخواست میں عمران خان کو فوری طور پر اسلام آباد کے شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے اور وہاں ان کے طبی معائنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی نے عدالتی حکم کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے ایک جوڈیشل افسر یا لوکل کمیشن کی تعیناتی کی بھی درخواست کی ہے۔
درخواست گزار اور آئندہ سماعت
توہین عدالت کی یہ درخواست پی ٹی آئی کی جانب سے عزیر بھنڈاری اور سلمان اکرم راجہ نے دائر کی۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ اس معاملے سے متعلق کیس کی سماعت 16 ستمبر تک ملتوی کر چکی ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے باوجود عمران خان کو مخصوص ہسپتال منتقل نہیں کیا گیا، جو عدالت کے احکامات کی صریح خلاف ورزی ہے اور اس پر توہین عدالت کی کارروائی ناگزیر ہے۔
