لاہور (دنیا نیوز) – پنجاب حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر صوبے بھر میں کھلی فضا میں ڈرون اڑانے پر پابندی میں مزید 30 روز کی توسیع کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق یہ پابندی ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144(6) کے تحت عائد کی گئی ہے۔ حکم نامے کے تحت آؤٹ ڈور ڈرونز کا استعمال ممنوع رہے گا، تاہم ہالز اور مارکیز کے اندر تقریبات کے دوران چھوٹے ڈرونز کا محدود استعمال جاری رہ سکتا ہے۔ البتہ تقریب کے منتظمین ان کے محفوظ استعمال کو یقینی بنانے کے ذمہ دار ہوں گے۔
استثنیٰ اور اجازت کے ضوابط
انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس پابندی سے مستثنیٰ رہیں گے۔ اس کے علاوہ زرعی، آبپاشی اور تحقیقی مقاصد کے لیے ڈرون کا استعمال صرف ضلعی سطح کی “محفوظ ڈرون استعمال کمیٹی” سے تحریری اجازت حاصل کرنے کے بعد ممکن ہو گا۔
محکمہ داخلہ کے مطابق کمیٹی کی جانب سے تحریری اجازت ملنے کے بعد متعلقہ مقاصد کے لیے ڈرون کا استعمال پابندی سے مستثنیٰ تصور کیا جائے گا۔
عوامی تحفظ اولین ترجیح
محکمہ داخلہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ عوامی تحفظ، امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنا اور املاک کا تحفظ پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔ صوبے بھر میں انتظامیہ اور پولیس کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ کئی ماہ سے پنجاب میں سیکیورٹی اداروں کی سفارشات کی روشنی میں ڈرون پروازوں پر پابندی کا سلسلہ جاری ہے، جس میں وقتاً فوقتاً توسیع کی جاتی رہی ہے۔
