ممبئی: بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کے باڈی ڈبل کو ان کی آنے والی فلم کی شوٹنگ کے دوران ہارٹ اٹیک کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث اسٹنٹ پرفارمر کچھ عرصے کے لیے ایکشن سینز میں حصہ لینے سے قاصر ہو گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ عارضی طور پر ایس وی سی 63 کے نام سے جانی جانے والی فلم کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا، جب سلمان خان کے لیے ڈبل کا کردار ادا کرنے والا اسٹنٹ پرفارمر ایک ایکشن سین فلمبند کرتے ہوئے طبیعت کی خرابی کا شکار ہو گیا۔
بعد ازاں طبی معائنے پر معلوم ہوا کہ پرفارمر کو ہارٹ اٹیک ہوا تھا اور اطلاعات کے مطابق وہ کچھ عرصے تک ایکشن مناظر میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
سلمان خان نے خود ایکشن سین کرنے کا فیصلہ کیا
ذرائع کے مطابق اس واقعے کے بعد سلمان خان نے فلم کے کچھ ایکشن سینز خود انجام دینے کا فیصلہ کیا تاکہ شوٹنگ کا شیڈول متاثر نہ ہو۔
بھارتی میڈیا کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان خان اس واقعے کے بعد سے سرگرم ہیں اور اس بات کے خواہاں ہیں کہ فلم کا شیڈول کسی قسم کی تاخیر کا شکار نہ ہو۔
انتظامیہ کا محتاط منصوبہ
میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ فلم کی انتظامیہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر ان ایکشن سینز کی منصوبہ بندی بھی احتیاط سے کر رہی ہے جو سلمان خان خود انجام دیں گے۔
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب سلمان خان اپنی مصروف فلمی مصروفیات میں شامل ہیں اور شائقین ان کی اگلی بڑی فلم کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔
