geourdu logo
  • صفحۂ اول
  • خبریں
  • دنیا
  • پاکستان
  • فرانس
  • سپین
  • کھیل
  • شوبز
  • کاروبار
  • معلومات
    • کالم
    • صحت و تندرستی
    • دلچسپ اور عجیب
    • سائنس اور ٹیکنالوجی
    • Geo Team
  • دیگر
    • أوقات الصلاة
    • بچوں کے نام
      • مسلم
      • عیسائی
      • ہندو
    • فنانس
  • شاعری
Dark Mode
Skip to content
April 30, 2026
  • Geo Urdu France
  • Prayer Times
  • Finance
  • Currency Rate
  • Gold Rates
  • ENGLISH
  • –
  • FRENCH
geourdu logo
  • صفحۂ اول
  • خبریں
  • دنیا
  • پاکستان
  • فرانس
  • سپین
  • کھیل
  • شوبز
  • کاروبار
  • معلومات
    کالم
    • 83% of French Parents Report Verbally Abusing Their Childrenفرانس میں والدین کی بڑی تعداد بچوں کے ساتھ تشدد کا اعتراف، نئی رپورٹ میں ہوش ربا انکشافات
    • Why Turkey Eggs Are Rarely on Our Platesکیا آپ نے کبھی ترکی کے انڈے کھائے ہیں؟ غذائیت سے بھرپور مگر بازار میں نایاب
    • Crushed Empress Eugénie's Crown Revealed After Louvre Heistلوور میوزیم نے شہنشاہ نگار کے تاریخی تاج کی تباہ حال تصاویر جاری کردیں
    صحت و تندرستی
    • Pakistan Cracks Down on Unsafe Syringes Amid HIV Surgeایچ آئی وی کے بڑھتے کیسز: ڈریپ کا غیر محفوظ سرنجوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن کا حکم
    • France Launches Spring COVID-19 Booster Campaign for Most Vulnerableفرانس میں موسم بہار کے لیے نئی کورونا ویکسینیشن مہم کا آغاز، بوڑھوں اور کمزور افراد کو ترجیح
    • Pakistan's HIV Crisis: Unsafe Injections Fuel 500% Death Surgeانجیکشن کلچر اور ناقص نفاذ نے پاکستان میں ایچ آئی وی کے پھیلاؤ کو ہوا دی
    دلچسپ اور عجیب
    • Humanoid Robots Shatter World Record in Half-Marathonانسانی روبوٹس نے نصف میراتھن کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا، چین میں انقلابی پیشرفت
    • Train Travel's Hidden Benefit: Stress Relief Through Sceneryٹرین کے سفر میں مناظر کو دیکھنا ذہنی صحت کے لیے مفید، نئی تحقیق میں انکشاف
    • 83% of French Parents Report Verbally Abusing Their Childrenفرانس میں والدین کی بڑی تعداد بچوں کے ساتھ تشدد کا اعتراف، نئی رپورٹ میں ہوش ربا انکشافات
    سائنس اور ٹیکنالوجی
    • Elon Musk Summoned by French Justice in X Investigationایلون مسک: فرانسیسی عدالت کے سامنے پیشی کا نوٹس اور ایکس کے خلاف تحقیقات
    • Humanoid Robots Shatter World Record in Half-Marathonانسانی روبوٹس نے نصف میراتھن کا عالمی ریکارڈ توڑ دیا، چین میں انقلابی پیشرفت
    • EU's Age Verification App "Technically Ready" to Block Minorsیورپی یونین کا عمر کی تصدیق کرنے والا ایپ تیار، پندرہ سال سے کم عمر بچوں کو سوشل میڈیا سے روکنے کی تیاری
    Geo Team
  • دیگر
    أوقات الصلاة
    بچوں کے نام
    • مسلم
    • عیسائی
    • ہندو
    فنانس
  • شاعری

مسلم امہ محو خواب

February 4, 2020 1 1 min read
Jerusalem
Share this:

Jerusalem

تحریر : پروفیسر مظہر

صحرائے عرب سے نور کی کرنیں پھوٹیں اور ظلمتوں کے اندھیرے چھَٹ گئے۔ تہذیبِ حجاز ظلمتِ مغرب میں مثلِ طور روشن ہوئی اور شرق تا غرب آئینِ رسولِ ۖ ہاشمی کی عملداری کا ڈنکا بجا۔ علم و حکمت قومِ مسلم کی میراث ٹھہری اور نظامِ عدل نے اپنوں اور غیروں میں تمیز ختم کر دی۔ کسی عربی کو عجمی پر اور گورے کو کالے پر کوئی فوقیت نہ رہی سوائے اعمالِ صالح کے۔ پھر حالات نے پلٹا کھایا۔ مسلم اُمّہ محوِ خواب ہوئی اور اقوامِ عالم میں رسوائیاں اُس کا مقدر ٹھہریں۔اقبال نے کہا

بُجھ کے بزمِ ملّتِ بیضا پریشاں کر گئی
اور دیا تہذیبِ مغرب کا فروزاں کر گئی

اب یہ عالم کہ بربطِ زماں میں مسلم اُمّہ کی عظمتوں کے گیت مفقود، فقط نغمۂ یاس اور وہ بھی دھیمے سروں میں۔ وجہ اظہرمِن الشمس کہ جب ہم تارکِ آئینِ رسولۖ ہو کر شعارِ اغیار کے شیدائی بنے تو ربّ ِ کائینات کے معتوب ٹھہرے اور اغیار کی سازشیں ثمر بار ہوئیں۔ اب حالت یہ کہ مسلم اُمّہ آپس میں ہی غضب ناک اور باہم دست وگریباں۔ غیرت وحمیت کا نام ونشان نہیں اور اخوت ومحبت کی جگہ نفرت و عداوت۔ میرِکارواں مصلحتوں کے شکار اور متاعِ دین ودانش کا یہ عالم کہ دین فرقوں اور گروہوں میں بٹ چکا اور دانش کی تیغِ آبدار اقوامِ مغرب کا اثاثہ قرار پا چکی۔ اسلاف کے کارنامے کتابوں کی زینت اور ہمارا فخر محض ”پدرم سلطان بود”۔ میرا ربّ تو اُس وقت تک کسی قوم کی حالت نہیں بدلتا جب تک خود اُسے اپنی حالت بدلنے کا خیال نہ ہو لیکن ہم اپنی حالت بدلنے کی بجائے غیروں کے محتاج۔ جب اپنے ربّ سے ہماراتعلق محض ایک بگڑے بچے کا سا تو پھر اپنی رسوائی اور غیروں کی حاکمیت پر گلہ کیسا۔ اگر نریندر مودی کشمیر ہڑپ کر گیا اور ڈونلڈ ٹرمپ نے بیت المقدس اسرائیل کے حوالے کر دیا تو نوحہ خوانی
کیوں؟۔

قوموں کی دوستیاں اپنے مفادات کے تابع ہوتی ہیں۔ امریکہ کو بھی اپنے مفادات عزیز۔ اِسی لیے امریکہ کو اپنا اسلحہ اور سامان بیچنے کے لیے پاکستان سے کہیں زیادہ بھارت میں کشش محسوس ہوتی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی سے دوستی کی بنیاد بھی باہمی مفادات ہیں۔ اُنہوں نے وزیرِاعظم عمران خاں کو امریکہ آنے کی دعوت دی اور اُن کی دوستی کا دَم بھرتے ہوئے اُن کی تعریف میں رطب اللساںہوئے۔ ڈونلڈ ٹرمپ دراصل افغان طالبان پر پاکستان کے اثرورسوخ کا فائدہ اٹھانا چاہتے تھے اسی لیے انہوں نے یہاں تک کہہ دیا کہ وہ نریندر مودی کی درخواست پر کشمیر میں ثالثی کے لیے تیار ہیں۔ اِس ثالثی کا پاکستان میں خوب ڈھنڈورا پیٹا گیا لیکن ہوا یہ کہ 5اگست 2019ء کو بھارتی وزیرِاعظم نے بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور 35A کا خاتمہ کروا کے مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کر لیا۔ آر ایس ایس کے نمائندے نریندر مودی نے اسی پر اکتفا نہیں کیا بلکہ بھارتی شہریت کے قانون میں ترمیم کرکے پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان سے بھارت آکر آباد ہونے والے مسلمانوں کو حقِ شہریت سے بھی محروم کر دیا۔

حقِ شہریت میں ترمیم مودی کی فاش غلطی تھی جس نے نہ صرف بھارتی سیکولرازم کا پردہ چاک کر دیا بلکہ بھارت سمیت اقوامِ عالم میں بھی ہنگامہ بپا ہو گیا۔ اِس ردِعمل سے اقوامِ عالم کی توجہ ہٹانے کے لیے اب بھارت جنگی فضاء پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ بھارتی وزیرِاعظم نے بدھ کے روز نیشنل کیڈٹ کورسے خطاب کے دوران ہرزہ سرائی کی انتہا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت سات سے دَس دن میں پاکستان کو شکست سے دوچار کر سکتا ہے۔ اُس نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ پاکستان پر دو فضائی حملوں کے بعد مقبوضہ کشمیر میں امن پیدا ہوگیا اور مسٔلے کا حل کر لیا گیا۔ تاریخی حقائق مگر اِس کے بالکل برعکس۔ بھارتی ”سورما” بالاکوٹ کے ویرانے میں بم پھینک کر فرار ہوگئے جس کا نظارہ پوری دنیا نے کیا لیکن پاکستان کا جواب مُنہ توڑ۔ ہمارے شاہینوں نے نہ صرف بھارت کے دو مِگ 21 مار گرائے بلکہ اُس کا پائلٹ ابھے نندن میں گرفتار کر لیا جسے بعد میں جذبۂ خیر سگالی کے تحت رہا کیا گیا۔ رہا سات سے دَس دنوں میں تسخیرِپاکستان کا خواب، تو یہ خواب بھارت نے 1965ء میں بھی دیکھا تھا جب بھارتی جرنیلوں نے لاہور کے جم خانہ کلب میں شراب کے جام لنڈھانے کا احمقانہ خواب دیکھااور سترہ روزہ جنگ میں ہزیمتوں سے دوچار ہوئے۔

بھارتی وزیرِاعظم کی ہرزہ سرائی کے جواب میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے مُنہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ جو فوج سات عشروں میں اسّی لاکھ کشمیریوں کو شکست نہیں دے سکی، 21 کروڑ پاکستانیوں کو کیسے دے سکتی ہے۔ اُنہوں نے کہا ”بھارت دَس روز میں پاکستان کو ختم کرنے کا دعویٰ کرتا ہے۔ بات صرف سات یا دَس دنوں کی نہیں، اِس سے پہلے اور بعد کی بھی ہے۔ افواجِ پاکستان اسلحے کے زور پر نہیں، جذبۂ ایمانی اور عوام کی حمایت سے لڑتی ہیں۔ گزشتہ سال فروری میں بھی باور کرا چکے کہ جنگ شروع وہ، ختم ہم کریں گے”۔ آر ایس ایس کے نمائند نریندر مودی کو ذہن میں رکھنا چاہیے کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت بھارت سے کہیں بڑھ کر ہے اور اگر یہ صلاحیت نہ بھی ہوتی تو پھر بھی جذبۂ شوقِ شہادت سے سرشار پاکستان کا بچہ بچہ مادرِوطن کی آن بان شان پر ہمہ وقت کَٹ مرنے کو تیار۔ پاکستان پر حملہ کرنے کی صورت میں تحقیق کہ بھارت کی ”داستاں تک بھی نہ ہوگی داستانوں میں”۔

بھارتی وزیرِاعظم کے دوست امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطین کے ساتھ وہی کچھ کیا جو مودی مقبوضہ کشمیر پر کر چکا۔ مودی نے کشمیریوں سے مذاکرات کیے بغیر کشمیر ہڑپ کیا اور ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطین کو مذاکرات کی میز پر لائے بغیر دو ریاستی فارمولے پر مبنی امن منصوبہ پیش کر دیا۔ یہ دراصل امن منصوبہ نہیں، مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کا منصوبہ ہے۔ پہلے بھی عرض کیا جا چکا کہ مسلم اُمّہ باہم جوتم پیزار جس کی بنا پر رسوائیاں اُن کا مقدر۔ تاریخ پر نظر دوڑائیں تو معلوم ہو گا کہ ایک خاص منصوبے کے تحت عالمِ اسلام کو ایک دوسرے سے لڑایا جا رہا ہے۔ ساٹھ کی دہائی میں یمن میں خانہ جنگی شروع ہوئی تو سعودی عرب اور مصر نے متحارب دھڑوں کا ساتھ دیا۔ 1970 ء میں فلسطین کی پی ایل او اور اُردنی حکومت کے فوجی دستوں میں جھڑپیں ہوئیں۔ 1975ء سے 1985ء تک لبنان سول وار کا شکار رہا۔ 1980ء میں عراق نے ایران پر حملہ کیا اور 1990ء میں کویت پر چڑھ دوڑا۔ شام کی خانہ جنگی اور یمن کی صورتِ حال سب کے سامنے۔ پاکستان کے بھی برادر اسلامی ممالک ایران اور افغانستان کے ساتھ تعلقات میں اتارچڑھاؤ آتا رہتا ہے۔ جب پورے عالمِ اسلام کی یہ صورتِ حال ہو تو پھر غیروں کی بالادستی اظہرمِن الشمس۔

فلسطین اِس وقت عالمی تنہائی کا شکار نظر آتا ہے۔ مصر جو کبھی فلسطین کا جذباتی حامی ہوا کرتا تھا، اُس نے 1976ء میں امریکی امداد کے لالچ میں اسرائیل سے امن معاہدہ کر لیا۔ اُردن بھی پیچھے ہٹ گیا اور اسرائیل سے تعلقات استوار کر لیے۔ فلسطین کے حامی لیبیا، شام اور عراق کا حشر سب کے سامنے اور اب صورتِ حال یہ کہ متحدہ عرب عمارات ، بحرین اور عمان نے ٹرمپ فارمولے کی حمایت کر دی جبکہ سعودی عرب نے فریقین کے مابین مذاکرات پر زور دیا۔

ٹرمپ فارمولے کو یکسر مسترد کرنے والے صرف ترکی، روس اور ایران ہی باقی ہیں۔ ترک صدر طیب اردوان کی دبنگ آواز پورے عالمِ اسلام کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی۔ اُنہوں نے کہا کہ بیت المقدس ہاتھ سے چلا گیا تو پھر ہم مکّہ اور مدینہ بھی نہیں بچا سکیں گے۔ اُنہوں نے ٹرمپ منصوبے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے مسلمانوں کو خبر دار کرتے ہوئے کہا ”بیت المقدس مسلمانوں کا مقدس ترین مقام ہے جسے کبھی اسرائیل کے حوالے نہیں کریں گے”۔ فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے اِس فارمولے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ”امریکی صدر اور اسرائیلی وزیرِاعظم کو کوئی حق نہیں کہ وہ فلسطینی قوم کے حقوق پر سودے بازی کریں۔ القدس برائے فروخت نہیں۔ ہم ٹرمپ کا یہ منصوبہ تاریخ کے کوڑے دان میں پھینک دیں گے”۔ لبنانی تنظیم حزب اللہ نے بجا طور پر کہاکہ اگر چند عرب ریاستیں غداری نہ کرتیں تو یہ منصوبہ کبھی سامنے نہ آتا۔ مکرر عرض ہے کہ امریکہ کو اپنے مفادات عزیز ہیں۔ وہ تو ہر وہ کام کرے گا جس میں اُسے فائدہ پہنچنے کی اُمید ہو۔ سوال مگر یہ کہ کیا عالمِ اسلام بھی کبھی اپنے مفادات کو سامنے رکھے گا یا پھر یوں ہی رسوا ہوتا رہے گا۔
Prof Riffat Mazhar

تحریر : پروفیسر مظہر

Share this:
SSB CUP BASKETBALL TOURNAMENT
Previous Post SSB کپ باسکٹ بال ٹورنامنٹ کی ٹرافی سرگوڈھین اسپرٹ ٹرسٹ پبلک اسکول کے نام
Next Post اسٹیٹ بینک نے 59 ارب کے پاکستان انویسٹمنٹ بانڈز کی نیلامی کر دی
State Bank

Related Posts

Sarkozy Shifts Strategy in Libyan Funding Appeal Trial

نکولس سرکوزی کی لیبیا فنڈنگ کیس میں آزمائش: سابق صدر نے گوانٹ کے الزامات کی تردید کی لیکن پرانے ساتھی کو بچایا

April 29, 2026
US-Iran War: Truce Talks Continue Amid Strikes

امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کی کوششیں، ٹرمپ کا ٹیلی فونک رابطے کا انکشاف

April 29, 2026
Pakistan Strikes Afghan Taliban in Operation Ghazab lil-Haq

آپریشن غضب للہ حق: افغان طالبان کے 796 دہشت گرد ہلاک، 286 چوکیاں تباہ

April 29, 2026
Pakistan Transfers Three IHC Judges Amid Controversy

اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین ججوں کی منتقلی کا نوٹیفکیشن جاری

April 29, 2026

Popular Posts

1 Grant Flower

پاکستان ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں کیلئے خطرہ دکھائی دے رہا ہے: بیٹنگ کوچ

2 Katrina Kaif

کترینہ کا پاکستانی اداکارہ بننے سے انکار

3 Manchester knife Attack

مانچسٹر میں چاقو کے حملے میں تین افراد زخمی

4 New Year's Celebration

دنیا بھر میں رنگا رنگ آتش بازی اور برقی قمقموں کی چکا چوند کے ساتھ نئے سال کا آغاز

5 Bilawal Bhutto

صدر زرداری اجازت دیں تو ایک ہفتے میں پی ٹی آئی حکومت گرا سکتے ہیں: بلاول بھٹو

6 Qadir Ali

پی بی 26 ضمنی انتخاب: ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے قادر علی نے میدان مار لیا

© 2026 Geo Urdu France. All rights reserved.

We use cookies to ensure you get the best experience on our website.

ESC

Start typing to search...

↑↓ Navigate ↵ Open ESC Close

We use cookies to ensure you get the best experience on our website.