کیف نے لیبیا کی سمندری حدود میں روسی فوجی اور تجارتی جہازوں پر ہونے والے مہلک ڈرون حملے کو قانونی حقِ دفاع قرار دیا ہے، جبکہ طرابلس حکومت نے اس کارروائی پر سخت سفارتی تنقید کی ہے۔ یوکرین کے وزیرِ خارجہ اندری سیبیہا نے منگل کے روز کہا کہ روسی بحری جہاز اور فوجی سازوسامان لے جانے والے کارگو جہاز دونوں جائز اہداف ہیں، اور یوکرین کا حقِ دفاع اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 میں درج ہے۔
لیبیا کی طرابلس میں قائم بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت برائے قومی اتحاد نے پیر کے روز اس یوکرینی فوجی آپریشن کی مذمت کی تھی جس میں مشرقی بندرگاہ بنغازی میں روسی بحری جہاز میرکوری کو غرق کیا گیا۔ حکومت نے کہا کہ لیبیا روس یوکرین تنازعے میں خود کو گھسیٹنے کو قبول نہیں کرے گا۔
لیبیا کی تقسیم اور مشرقی حکومت کا مؤقف
خانہ جنگی کے بعد لیبیا اب بھی منقسم ہے۔ ملک کے مشرقی حصے پر فیلڈ مارشل خلیفہ حفتر کا کنٹرول ہے، جن کی لیبیا نیشنل آرمی کے روس سے تعلقات ہیں، جبکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت برائے قومی اتحاد مغربی لیبیا پر حکمرانی کرتی ہے، تاہم زمینی سطح پر مقامی مسلح گروہوں کے پاس کافی طاقت موجود ہے۔
سیبیہا نے ٹیلی گرام پر کہا، ”یوکرین کسی کو جنگ میں ’گھسیٹ‘ نہیں رہا اور نہ ہی جنگ کو کسی اور جگہ ’منتقل‘ کر رہا ہے۔ یوکرین لیبیا کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ یوکرین کے اقدامات روسی مسلح جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے ہیں اور ان کا مقصد لیبیا یا اس کے عوام کو نقصان پہنچانا نہیں ہے۔“
دو لیبیائی فوجی ہلاک
لیبیا نیشنل آرمی کی جنرل کمانڈ نے منگل کے روز بتایا کہ اس کے دو فوجی اہلکار بنغازی بندرگاہ پر حملے میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔ لیبیا نیشنل آرمی نے مزید کہا کہ اس حملے کا جواب ”مناسب وقت اور مقام“ پر دیا جائے گا۔
سیبیہا کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی قانون حقِ دفاع کو صرف اس علاقے تک محدود نہیں رکھتا جہاں جارحیت کی گئی ہو، بلکہ یہ حق جارح ملک کی سرزمین یا بین الاقوامی پانیوں میں بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق روس ہی وہ ملک ہے جو اپنے فوجی مقاصد کے لیے دیگر ممالک کے شہری ڈھانچے کو استعمال کر کے انہیں خطرے میں ڈال رہا ہے۔
بین الاقوامی قانون اور خودمختاری کا سوال
انسٹی ٹیوٹ فار دی اسٹڈی آف وار کے مطابق روسی بحری جہاز میرکوری کئی روز تک بنغازی بندرگاہ پر ایندھن بھرنے اور رسد کے لیے رکا رہا، جو ایک تعاون معاہدے کے تحت تھا، جبکہ یہ ان کارگو جہازوں کی حفاظت کر رہا تھا جو روس کے لیے فوجی سازوسامان لے جا سکتے ہیں۔
بنغازی میں مشرقی حکومت نے پیر کے روز کہا تھا کہ ایسے اشارے ملے ہیں کہ بحری ڈرون مغربی لیبیا سے چلائے گئے، اور اس نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ یوکرین کی جانب سے وہاں فوجی ماہرین تعینات کرنے کے الزامات کی تحقیقات کی جائیں۔
دو لیبیائی سکیورٹی حکام نے مارچ میں روئٹرز کو بتایا تھا کہ مغربی لیبیا میں یوکرینی موجود ہیں جو طرابلس حکومت سے وابستہ قوتوں کو تربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ روسی اہداف کے خلاف کارروائیاں بھی کر رہے ہیں۔
منگل کے روز طرابلس حکومت نے کہا کہ وہ لیبیا کی سرزمین کو دشمنانہ کارروائیوں کے لیے لانچ پیڈ کے طور پر استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی، اور مزید تفصیلات دیے بغیر کہا کہ ہفتے کے آخر میں ہونے والا حملہ ”ریاست کے اختیار سے باہر“ غیر ملکی قوتوں کی میزبانی کے خطرے کو ظاہر کرتا ہے۔
روس کی جانب سے کوئی تبصرہ نہیں
روسی وزیرِ دفاع نے اس حملے پر اب تک عوامی سطح پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ ادھر یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے منگل کے روز شائع ہونے والے ایک انٹرویو میں تصدیق کی کہ یوکرین ہفتے کے روز خلیج فن لینڈ کے بین الاقوامی پانیوں میں روسی کارگو جہاز پر ہونے والے الگ ڈرون حملے کا ذمہ دار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جہاز اسپارٹا II ایک جائز ہدف تھا کیونکہ یہ ہتھیار لے جا رہا تھا۔ روس کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے منگل کے روز بتایا کہ تباہ شدہ جہاز کو گھسیٹ کر روسی بندرگاہ سینٹ پیٹرزبرگ واپس لایا گیا ہے۔
