کیلیفورنیا کے ایک چھوٹے سے شہر کارمل بائی دی سی میں 2 انچ سے زیادہ اونچی ہیلز پہننے کے لیے سرکاری اجازت نامہ درکار ہے۔ یہ شہر اپنی منفرد قانونی شرط کے باعث مشہور ہے، جہاں اگر کوئی سیاح یا مقامی شخص 2 انچ سے زیادہ اونچی ایڑھی والی جوتی پہننا چاہے تو اسے پہلے سٹی ہال سے سرکاری اجازت لینا ضروری ہے۔
یہ انوکھا قانون 1963 میں سٹی اٹارنی کی درخواست پر منظور کیا گیا تھا، جس کا مقصد لوگوں کو ممکنہ حادثات سے بچانا تھا۔ کارمل بائی دی سی کی سڑکیں عموماً ناہموار ہیں اور یہاں کے فٹ پاتھ درختوں کی جڑوں کے باعث غیر ہموار ہو چکے ہیں، جس کی وجہ سے اونچی ہیلز پہننے والوں کو گرنے کا خطرہ ہوتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ اجازت نامہ بالکل مفت جاری کیا جاتا ہے اور اکثر سیاح اسے یادگار کے طور پر لیتے ہیں، چاہے وہ ہیلز نہ بھی پہنیں۔ ہر اجازت نامے پر سٹی کلرک کے دستخط ہوتے ہیں اور یہ درخواست کنندہ کے نام پر جاری کیا جاتا ہے۔ اگرچہ پولیس اس قانون پر سختی سے عمل درامد نہیں کرتی، تاہم اگر کوئی شخص اونچی ہیلز پہن کر گر جائے تو وہ میونسپلٹی پر مقدمہ نہیں کر سکتا۔
یہ قانون بظاہر عجیب و غریب لگتا ہے، لیکن اس کا مقصد شہریوں اور سیاحوں کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے، تاکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں قانونی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔
