دبئی: ڈی پی ورلڈ انٹرنیشنل لیگ ٹونٹی (آئی ایل ٹی ٹونٹی) کے پانچویں سیزن کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی کی فہرست جاری کر دی گئی ہے، جس میں پاکستان کے بابر اعظم، فخر زمان اور دیگر بین الاقوامی ستارے شامل ہیں۔ نیلامی یکم اکتوبر کو دبئی کے آئی سی سی اکیڈمی میں منعقد ہوگی، جس میں 23 ممالک کے 200 سے زائد کرکٹرز حصہ لیں گے۔
تین بنیادی قیمتوں کے زمرے
کھلاڑیوں کو تین بنیادی قیمتوں کے زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے: 80 ہزار ڈالر، 40 ہزار ڈالر اور 10 ہزار ڈالر۔ سب سے مہنگے زمرے میں بابر اعظم، فل سالٹ، ٹام بینٹن، رحمٰن اللہ گرباز، ونیندو ہسرنگا، فاف ڈو پلیسی، لیام لیونگ اسٹون، الزارri جوزف، فخر زمان، نسیم شاہ، معین علی، جونی بیرسٹو، ایلکس ہیلز اور کرس ووکس شامل ہیں۔
40 ہزار ڈالر کے زمرے میں نمایاں نام
40 ہزار ڈالر کے زمرے میں شاداب خان، ابراہیم زدران، جیڈن سیلز، تبریز شمسی، شرف اسلام، کوسل پریرا اور گلبدین نیب سمیت دیگر نمایاں کھلاڑی شامل ہیں۔
10 ہزار ڈالر کے زمرے میں کون کون؟
10 ہزار ڈالر کے زمرے میں ریزا ہینڈرکس، مہدی حسن مرزا، جارج منسی، ایش سوڈھی اور میتھیو پوٹس جیسے کھلاڑیوں کے نام شامل ہیں۔ متحدہ عرب امارات، کویت اور سعودی عرب کے تمام کھلاڑی 10 ہزار ڈالر کی بنیادی قیمت پر نیلامی میں شامل ہوں گے۔
ٹیموں کی تشکیل اور میچ کی شرائط
- ہر فرنچائز کو ایک سابق اماراتی کھلاڑی کے لیے رائٹ ٹو میچ کا اختیار حاصل ہوگا۔
- ٹیموں کو کم از کم 18 اور زیادہ سے زیادہ 23 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ مکمل کرنا ہوگا۔
- ہر میچ کی پلیئنگ الیون میں کم از کم دو اماراتی، دو افغان اور ایک دیگر ایسوسی ایٹ ملک کا کھلاڑی شامل ہونا لازمی ہے۔
- ہر فرنچائز کو الگ الگ نیلامی بجٹ مختص کیا گیا ہے، جس میں ایم آئی امارات سب سے بڑے بجٹ کے ساتھ نیلامی میں داخل ہو رہی ہے۔
