لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے ذہنی معذور شخص کی جانب سے ان کے بھائی کے ذریعے وراثتی جائیداد کے حوالے سے دائر کیے گئے مقدمے کو قابلِ سماعت قرار دینے کے سول عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے ان کی بہن مسرت محمد دین کی آئینی درخواست مسترد کر دی ہے۔
عدالت کا اہم قانونی نکتہ
جسٹس مزمل اختر شبیر نے نو صفحات پر مشتمل فیصلے میں قرار دیا کہ ذہنی معذور شخص کے لیے یہ ضروری نہیں کہ مقدمہ دائر کرنے سے قبل کورٹ آف پروٹیکشن سے سرپرست مقرر کرایا جائے۔ سول عدالت بھی ذہنی معذوری کا جائزہ لینے کے بعد مقدمے کی حد تک سرپرست مقرر کر سکتی ہے۔
عدالت نے واضح کیا کہ ذہنی معذوری کا حتمی تعین شہادت ریکارڈ کرنے اور فریقین کو اپنا مؤقف پیش کرنے کا موقع دینے کے بعد بھی کیا جا سکتا ہے۔
مقدمے کا پس منظر
درخواست گزار مسرت محمد دین نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کے ذہنی معذور بھائی صفدر علی نے وراثتی جائیداد ہبہ کے ذریعے منتقل کی ہے اور ان کے سرپرست کے ذریعے مقدمہ دائر کرنے کا قانونی طریقہ کار اختیار نہیں کیا گیا۔
فیصلے کے مطابق سول عدالت نے صفدر علی کو ذاتی طور پر طلب کر کے سوالات کیے، تاہم وہ اپنا نام اور رشتے بتانے کے علاوہ دیگر سوالات کا جواب دینے سے قاصر رہے۔
سول عدالت نے صفدر علی کے بھائی ایم یعقوب کی جانب سے دائر مقدمے کو قابلِ سماعت قرار دیا اور متنازع جائیداد کی مزید منتقلی پر روک لگا دی تھی۔
ذہنی معذور افراد کے قانونی مفادات کا تحفظ
لاہور ہائی کورٹ نے قرار دیا کہ ذہنی معذوری کے شکار شخص کے قانونی مفادات کا تحفظ عدالت کی ذمہ داری ہے۔
عدالت نے سول عدالت اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج چنیوٹ کے فیصلوں کو برقرار رکھتے ہوئے مسرت محمد دین کی آئینی درخواست خارج کر دی۔
