اجے دیوگن اور امیتابھ بچن کی فلم رن وے 34 کا پوسٹر ریلیز

Ajay Devgn and Amitabh Bachchan

ممبئی (اصل میڈیا ڈیسک) بالی ووڈ کے شہناہ امیتابھ بچن اور اسٹار اداکار اجے دیوگن کی نئی آنے والی فلم رن وے 34 کا تھرلر سے بھرپور پوسٹر ریلیز کردیا گیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق رن وے 34 فلم کی کہانی ایوی ایشن انڈسٹری کے گرد گھومتی ہے جس میں امیتابھ بچن، اجے دیوگن اور راکول پریت سنگھ سمیت دیگر نامور اداکار اپنے جلوے بکھیریں گے۔ مذکورہ فلم رواں سال 29 اپریل کو سینما گھروں کی زینت بنے گی جس کا آج پوسٹر ریلیز ہوا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس فلم میں اجے اداکاری کے ساتھ پروڈکشن اور ہدایت کاری کی خدمات بھی انجام دے رہے ہیں۔ رن وے 34 اجے دیوگن فلمز(پروڈکشن کمپنی) کے بینر تلے تیاری کی گئی ہے۔

فلم کے پوسٹر کو مختصر ترین ویڈیو کی صورت میں حرکت کرتا دکھایا گیا ہے۔ رن وے 34 میں اجے پائلٹ کا کردار نبھا رہے ہیں تاہم امیتابھ بچن کا کریکٹر تاحال واضح نہیں ہوسکتا لیکن امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ وہ ایک تحقیقاتی افسر کے طور پر فلم میں نظر آئیں گے۔

اس فلم کا نام پہلے ’مے ڈے‘ رکھا گیا تھا تاہم بعد میں اجے دیوگن نے تبدیل کیا۔ نئی آنے والی فلم رن وے 34 کی شوٹنگ کا آغاز ستمبر 2020 سے ہوگیا تھا اور اب مداحوں کو پروجیکٹ کے ریلیز کا انتظار ہے۔