لندن: برطانوی سماجی کارکن اور مصنفہ جیمائما گولڈ اسمتھ نے اپنے سابق ساتھی، متنازع تفریح کار رسل برانڈ پر تشدد، جبری کنٹرول اور بدسلوکی کا سنگین الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں 2014 میں ایک پرتشدد واقعے کے دوران پولیس کو طلب کرکے برانڈ کو اپنے گھر سے نکلوانا پڑا تھا۔
52 سالہ گولڈ اسمتھ نے سوشل میڈیا پر ایک طویل بیان میں کہا کہ وہ برانڈ کے مقدمے میں سامنے آنے والی بہادر خواتین کی ہمت کی معترف ہیں اور انہیں اس بات پر خوشی اور سکون ہے کہ برانڈ کو بالآخر انصاف کا سامنا کرنا پڑا۔
برانڈ کو ساڑھے دس سال قید کی سزا
واضح رہے کہ 51 سالہ رسل برانڈ کو پیر کے روز عصمت دری اور جنسی زیادتی کے جرم میں مجرم قرار دیے جانے کے بعد ساڑھے دس سال کی قید کی سزا سنائی گئی۔ گولڈ اسمتھ نے یہ بیان برانڈ کی سزا کے اعلان کے بعد جاری کیا۔
گولڈ اسمتھ نے بتایا کہ انہوں نے 2014 کے واقعے پر قانونی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ وہ اپنے اس وقت کے نوعمر بچوں پر میڈیا کی توجہ کے ممکنہ منفی اثرات سے فکرمند تھیں۔ انہوں نے لکھا کہ اگرچہ اس حوالے سے ان کا درد ان خواتین کی تکلیف کے مقابلے میں بہت کم ہے جنہوں نے عدالت میں گواہی دی، تاہم یہ ان کی زندگی کا ایک مشکل دور تھا جس کے اثرات آج تک برقرار ہیں۔
صحافیوں کی مدد اور گواہی کی پیشکش
گولڈ اسمتھ نے کہا کہ انہوں نے 2014 کے بعد سے برانڈ سے نہ تو ملاقات کی اور نہ ہی کوئی بات چیت کی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ان صحافیوں کی مدد کی جنہوں نے بالآخر برانڈ کے خلاف الزامات سامنے لائے، اور اگر ان الزامات کو شائع کرنے والے اخبار کے خلاف مقدمہ دائر کیا جاتا تو وہ عدالت میں برانڈ کے تشدد کے حوالے سے گواہی دینے کے لیے تیار تھیں۔
ہراسانی کے حکم امتناعی کی وضاحت
اپنے بیان میں گولڈ اسمتھ نے ایک ہراسانی کے حکم امتناعی کے حوالے سے پیدا ہونے والی قیاس آرائیوں کی بھی وضاحت کی۔ انہوں نے بتایا کہ 2014 میں ایک خاتون سلوِیا بیرکی کے خلاف ہراسانی کا حکم امتناعی جاری کیا گیا تھا جو 2015 میں حتمی قرار پایا۔ ان کے مطابق بیرکی نے ان کے گھر آکر برانڈ کو مساج کرنے کے بعد الزام لگایا کہ برانڈ نے انہیں دھکا دیا اور ان کا کتا ان پر حملہ آور ہوا، تاہم پولیس کی تفتیش میں کوئی جرم ثابت نہیں ہوا اور آزاد جائزے نے بھی پولیس کی تحقیقات کو درست قرار دیا۔
گولڈ اسمتھ نے الزام لگایا کہ اس کے بعد بیرکی نے ان کے خلاف آن لائن اور ای میلز کے ذریعے یہود مخالف اور دھمکی آمیز پیغامات کا ایک طویل سلسلہ شروع کیا، جس میں انہیں اور ان کے اہل خانہ کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان پیغامات کی تعداد، لہجے اور مواد نے انہیں اور ان کے نوعمر بچوں کو شدید خوفزدہ کیا، جس کے باعث انہوں نے ہراسانی کے حکم امتناعی پر رضامندی ظاہر کی تاکہ اپنے اور اپنے خاندان کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے گزشتہ سال دسمبر میں اپنے وکیل کے ذریعے بیرکی کے وکیل کو یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ حکم امتناعی میں ترمیم پر راضی ہیں تاکہ بیرکی دوبارہ پولیس سے رابطہ کر سکیں، تاہم اس حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہو سکی کیونکہ کسی بھی تبدیلی کے لیے برانڈ کی رضامندی بھی درکار ہے، اور ان کا برانڈ سے ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔
متاثرین کے لیے یکجہتی
گولڈ اسمتھ نے اپنے بیان کا اختتام اس عزم پر کیا کہ وہ ہمیشہ برانڈ کے متاثرین کے ساتھ کھڑی رہیں گی اور انصاف کے حصول کو یقینی بنانے والی خواتین کی حمایت جاری رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا پیشہ ورانہ کیریئر بھی ناانصیفی کا شکار اور خاموش کر دی گئی خواتین کی حمایت کے لیے وقف رہا ہے۔
