یروشلم: مشرقی یروشلم کے راموت علون علاقے میں ہونے والے فائرنگ کے واقعے میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ بارہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی ایمرجنسی سروس میگن ڈیوڈ ایڈوم (ایم ڈی اے) کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں پچاس سالہ ایک خاتون اور چار مرد شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دو حملہ آوروں نے مصروف چوراہے پر واقع بس اسٹاپ پر فائرنگ کردی جس کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں اور ایک شہری نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو “غیر مؤثر” بنادیا۔ ایمرجنسی عملے کے رکن فادی دکایدک کے بقث “یہ ایک انتہائی دردناک منظر تھا، زخمی سڑک اور فٹ پاتھ پر پڑے ہوئے تھے، ان میں سے بعض بے ہوش تھے”۔
حماس نے اس حملے کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل اسرائیلی مظالم کے خلاف ایک فطری ردعمل ہے، تاہم اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے سیکیورٹی اداروں کے سربراہوں کے ساتھ ہنگامی اجلاس بلایا ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا ہے جب خطے میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے خلاف فلسطینی مزاحمت میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی برادری نے تشدد کی اس نئی لہر پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔