ایم کیو ایم پیپلز پارٹی کے ساتھ معاہدے کے قریب پہنچ گئی

MQM

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ایم کیو ایم پاکستان، پیپلز پارٹی کے ساتھ معاہدے کے قریب پہنچ گئی ہے۔

بلدیہ کراچی سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ نافذ کرنے، کوٹہ سسٹم پر عمل کرنے اور ایم کیو ایم کے دفاتر کا مسئلہ حل کرنے سمیت سب مطالبات پر آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے اتفاق کر لیا ہے۔

خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور بلاول نے بہت اچھا رویہ دکھایا ہے، ہمارے جائز مطالبات سنے گئے، وہ ماننے کو تیار ہیں اور مطالبات کو تحریری شکل دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے کسی ایک بھی نقطے پر اعتراض نہیں کیا، پیپلز پارٹی سے جو معاہدہ ہو گا وہ منظر عام پر لائیں گے۔

رہنما ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ بلاول اور آصف زرداری کی گارنٹی کسی سے نہیں لیں گے، بلاول اور آصف زرداری کی بات خود گارنٹی ہو گی، ہم نے سب کو شامل کیا ہے، ہمارے مطالبات وفاق سے بھی ہیں۔

خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ ہمارا مسئلہ وزارت نہیں، قانون سازی اور شہر کی ڈیولپمنٹ ہے، اگر میثاق جمہوریت کی طرح میثاق کراچی بھی ہو جاتا ہے تو یہ سب کی جیت ہو گی۔